ہنسانے والے نے سب کا دل توڑ دیا: عدنان صدیقی

October 02, 2021

پاکستان کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے کامیڈین کنگ عدنان صدیقی کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب کو ہنسانے والے نے آج سب کا دل توڑ دیا۔

عدنان صدیقی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’عمر شریف صاحب، آپ اب سکون میں ہوں گے۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’آپ نے ہمیں بہت ہنسایا اور بالآخر ہم سب کا دل ٹوٹ گیا۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اب اپنے لطیفوں سے جنت کو اپنا بنائیں۔‘

واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔

عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔

انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔