آریان خان کی درخواستِ ضمانت پر خصوصی عدالت میں سماعت کل ہوگی

October 12, 2021

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاری پر درخواستِ ضمانت کی خصوصی عدالت میں سماعت کل ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت بھارتی وقت کے مطابق تقریباََ دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر ممبئی سیشن کورٹ میں ہو گی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) اپنا جواب بھی بدھ کے روز ہی جمع کروائے گا۔

خصوصی عدالت نے آریان خان کی درخواست ضمانت پرسماعت بدھ تک اس لیے ملتوی کی ہے کیونکہ این سی بی کے وکیل نے منشیات کیس میں اپنا جواب جمع کروانے کے لیے عدالت سے سات دن کی مہلت مانگی تھی۔

تاہم خصوصی عدالت کے جج نے این سی بی کو صرف بدھ تک وقت دے کر سماعت کو ملتوی کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ آریان خان کی منشیات برآمدگی کیس میں گرفتاری کے خلاف ان کے وکیل نے خصوصی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آریان کے وکیل نے کہا تھا کہ’ یہ فطری بات ہے کہ اگر ضمانت کی درخواست کسی عدالت کی جانب سے مسترد کی جائےگی تو ہم اعلیٰ عدالت میں جائیں گے۔ ‘

واضح رہے کہ جمعہ کے دن ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں آریان خان اور دیگر 2 افراد کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔