ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری جلدی ہوگی،فواد چوہدری

October 14, 2021


وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا فیصلہ اعتماد کی فضا میں ہوگا، پراسس شروع ہوگیا ہے، ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری جلدی ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی تاریخ میں سول ملٹری تعلقات اتنےاچھےنہیں رہے جتنے آج ہیں، فوج کی عزت اور وقار پورے پاکستان کو عزیز ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم افغانستان میں اپنے بھائیوں کی مدد کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا بھی افغان بھائیوں کی مدد کرے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہے، پٹرول کی قیمت 40 ڈالر سے بڑھ کر 80 ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مہنگائی سے نمٹنے کے لیے ہم نے نئی اکنامک پالیسی فریم کی ہے۔