لندن نائٹ ٹیوب 27 نومبر سے دوبارہ شروع ہو جائے گی

October 15, 2021

لندن (پی اے) لندن انڈرگرائونڈ کی نائٹ ٹیوب سروس اگلے ماہ دوبارہ شروع ہو جائے گی۔ نائٹ ٹیوب کو کورونا وائرس کوویڈ19پینڈامک کی وجہ سے مارچ2020 میں معطل کر دیا گیا تھا۔ ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) نے کہا کہ ہفتہ27نومبر سے لندن نائٹ ٹیوب کی سروسز جمعہ اور ہفتے کی راتوں کو جاری رہیں گی۔ خواتین اور لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد کیلئے ہزاروں افراد نے نائٹ ٹیوب شروع کرنے کیلئے ایک پٹیشن پر دستخط کئے ہیں۔ میئرلندن صادق خان نےکہا کہ میں لندن کی تاریخ میں پہلا میئر تھا، جس نے 2016 میں لندن میں نائٹ ٹیوب کا اجرا کیا تھا اور اب کورونا وائرس پینڈامک میں وقفے کے بعد اسے دوبارہ شروع کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ جانتا ہوں کہ لندن کی پھیلتی ہوئی نائٹ اکانومی،لندن کی بحالی اور رات کو گھروں کو سفر کرنے والے ہر ایک فرد خاص طور پر عورتوں اور لڑکیوں میں اعتماد اور تحفظ کا احساس پیدا کرنے کیلئے نائٹ ٹیوب سروس کیوں اہم ہے۔ میئر نے کہا کہ میں لندن کے تمام شہریوں کیلئے لندن کو ہر ممکن طور پر ایک محفوظ شہر بنانے کیلئے پر عزم ہوں۔ اسی لئے میں اگلے ماہ سے وکٹوریہ اور سینٹرل نائٹ ٹیوب لائنز اگلے ماہ سے بحال کرنے میں انتہائی خوشی محسوس کررہا ہوں، جس سے لوگوں کے سفر میں بہت فرق پڑے گا اور اس کے ذریعے لوگوں کو ہمارے شہر کے اردگرد گھومنے کیلئے ایک اضافی، محفوظ اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ آپشن بھی میسر آئے گا۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ میں ٹی ایف ایل اور حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھوں گا تاکہ لندن نائٹ ٹیوب کو مکمل طور پر جلد از جلد واپس چلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر سکوں۔