پاکستان کو جنات کی رہنمائی اور جادو ٹونے سے چلایا جارہا ہے، فضل الرحمٰن

October 15, 2021

پشاور( نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو جنات کی رہنمائی اور جادو ٹونے کے ذریعے چلایا جارہا ہے حالانکہ یہ ملک جنات سے رہنمائی حاصل کرنے کیلئے نہیں بنا بلکہ جنات نے بھی ہم سے رہنمائی لینی ہے۔

عمران نیازی نے سبزباغ دکھاکرنوجوانوں کو بے روزگاری میں دھکیلا،چین کو بھی دھوکہ دیا، سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا، عمران نیازی نے نوجوانوں کی بے روزگاری اور کسمپرسی کا غلط فائدہ اٹھاکر انہیں ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دیا، عوام کو سبز باغ دکھائے اور انہیں ویرانے میں چھوڑ دیا ، نیازی حکومت نے چین کو بھی دھوکہ دیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام ’’ مفتی محمود کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کانفرنس سے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی، مسلم لیگ ن کے ترجمان اختیار ولی، عبدالغفور حیدری اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پاکستان کو سیکولر ملک بنانے والوں کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا بلکہ پاکستان ایک اسلامی ملک کی حیثیت سے زندہ اور تابندہ رہیگا، ہمارے آئین میں یہ بات طے کی گئی ہے کہ اسلام پاکستان کا مملکتی نظام ہوگا اور تمام قوانین قرآن و سنت کے مطابق بنیں گے اور قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون نہیں بنے گا، ہمارے آئین نے عقیدہ ختم نبوتؐ اور ناموس رسالتؐ کو تحفظ بخشا ہے ، آج پوری دنیا اور عالمی قوتوں کاایک ہی ایجنڈا ہے اور ان کا پاکستان پر مسلسل دباؤ ہے کہ آئین کی اسلامی حیثیت کو ختم کیا جائے۔

ہم ہرگز اسٹبلشمنٹ کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کے 22کروڑ مسلمانوں کے ایمان اور عقیدہ کیساتھ مذاق کرے اور نہ ہی موجودہ حکمرانوں کو اس بات کی اجازت دے سکتے ہیں کہ تم پاکستان کے اندر بیرونی ایجنڈے کے تحت اس کے اسلامی شناحت کو ختم کرو۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان جس نظریہ اور ایجنڈے کے تحت آئے تھے اس کو سب سے پہلے ہم نے ہی طشت ازبام کیا تھا، تم کبھی ریاست مدینہ کا نام لیکر اپنے اوپر پردہ ڈالتے ہو۔

آج کل رحمت اللعالمین ؐ کے نام سے اپنے اوپر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ہمارے حکمران بظاہر تو انسان لگ رہے ہیں لیکن اللہ پاک کے خلیفہ کا کردار ادا کرنے کی بجائے واپس جنات کی طرف چلے گئے ہیں۔

پاکستان کو جنات کی رہنمائی میں چلا رہے ہیں، جادو ٹونے کی بنیاد پر ملک کو چلا رہے ہیں، یہ ملک جنات کیلئے نہیں بنا تھا بلکہ جنات نے بھی ہم سے رہنمائی لینی ہے۔

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے صدر محمود خان اچکزئی نے کہاکہ طالبان بھی افغانی ہیں ، انہیں بھی ملک میں حکومت و اقتدار کا حق ہے، قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شرپاؤ نے کہاکہ پی ڈی ایم ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالغفور حیدری نے کہاکہ ہم ہرگز مفتی محمود کے مشن سے غافل نہیں ، مفتی محمود کانفرنس سے مولانا منظور مینگل ، اویس نورانی،مولانا راشد محمود سومرو، اکرم خان درانی، طلحہ محمود، مولانا سید یوسف، مولانا عطا الرحمان اور دوسرے قائدین نے بھی خطاب کیا۔