سرد، خُشک موسم میں جھڑتے بالوں کا علاج

October 15, 2021

صحت پر منفی اثرات سے بھرپور غذاؤں کا استعمال اور زندگی گزارنے کے غلط طریقوں کے سبب ہر دوسرا شخص بالوں کی کمزوری اور جھڑنے کی شکایت کرتا نظر آتا ہے، ایسے میں کلونجی کا تیل بالوں کو گرنے سے روکنے میں مدد فراہم کر کے گنج پن سے بچاؤ اور بالوں کی بہتر نشوونما ممکن بناتا ہے۔

جِلد، ناخن اور بالوں سے جڑے امراض کا علاج کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ کلونجی کے دانے انسانی صحت کے لیے بے حد مفید ہیں، ان کی افادیت نا صرف طب بلکہ سائنسی تحقیقات سے بھی ثابت شدہ ہے، جہاں کلونجی کے کھانے کے نتیجے میں مجموعی صحت پر اِن گنت فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں اس سے حاصل ہونے والے تیل کا براہ راست استعمال بھی بے حد مفید ثابت ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق خوبصورت اورمضبوط بال حاصل کرنے کے لیے اِن کی جڑوںمیں تیل کی مالش کرنا بہت اہمیت رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ گھر کے بڑے بزرگ بھی سر پر تیل کی مالش کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کلونجی کا تیل بالوں کی جڑوں کو مضبوطی اور نمی فراہم کرتا ہے، کلونجی کے نیم گرم تیل سے اگر بالوں کی جڑوں میں مساج کیا جائے تو بال مضبوط، لمبے گھنے اور ملائم ہو جاتے ہیں اور اگر کلونجی کے تیل میں چند اجزا کا اضافہ کر لیا جائے تو یہ جھڑتے بالوں کا نتائج کُن علاج ثابت ہوتا ہے۔

جھڑتے بالوں کو روکنے کے لیے سستے داموں آسانی سے دستیاب اجزا سے تیل بنانے کا طریقہ:

کلونجی کے تیل سے فارمولا تیل بنانے کے لیے ہم وزن مقدار میں سرسوں اور زیتون کا تیل لے کر دونوں کو اچھی طرح سے مکس کرلیں۔

اب اس میں سرسوں اور زیتون کے تیل کی آدھی مقدار میں بادام اور ناریل کا تیل ڈال کر شامل کر لیں اور نیم گرم کر کے 2 سے 3 چمچ کلونجی شامل کر کے کانچ کی بوتل میں منتقل کر لیں۔

اس بوتل کو ایک ہفتے تک روزانہ کی بنیاد پر تیز دھوپ کی تپش میں رکھیں اور شام ہوتے ہی چھاؤں میںرکھ دیں، ایک ہفتے بعد اس کا استعمال شروع کر دیں۔

ہر بار اس تیل کے استعمال سے قبل اس فارمولا تیل میں وٹامن ای آئل کے چند قطرے بھی ملا لیں۔

بالوں کی گرنے کی تعداد اگر زیادہ ہے تو اس تیل میں باجرہ ڈال کر اِس تیل کو 2 دِن کے لیے مزید دھوپ میں رکھ دیں اور بعد ازاں اس کا استعمال کریں۔

گرتے بالوں کے علاج کے لیے اِس تیل کا استعمال شرط ہے، بہترین نتائج کے لیے اس تیل کا استعمال کم از کم ہفتے میںدو بار ضرور کریں۔

کلونجی کے اس فارمولے میں گِرتے بالوں کے تمام مسائل کا حل موجود ہے، اس تیل کے استعمال کے نتیجے میں بالوں کی نشونما کا عمل بھی تیز ہو جائے گا۔