شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ، چیف ٹریفک آفیسر

October 18, 2021

پشاور( کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں کو نوپارکنگʼ سیٹ بیلٹ ʼ ہیلمٹ ʼ ون وے ʼ ڈرائیونگ لائسنس کی موجودگی یقینی بنانے سے متعلق آگاہی دی سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم نے شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے اور انہیں ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ ان کا سفر محفوظ بن سکے ۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور دوران سفر ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال ضرور کریں ۔کیونکہ اس سے انکی زندگیاں محفوظ بن جاتی ہیں جبکہ دوران سفر موبائل فون کے استعمال کو مکمل طور پر ترک کریں کیونکہ دوران سفر موبائل فون پر بات کرتے تھوڑی سی توجہ ہٹ جانے پر بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے جس میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا بھی خدشہ ہوتا ہے کیونکہ حادثہ منٹوں میں نہیں بلکہ سیکنڈوں میں پیش آتا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ گاڑی چلانے والے کی غفلت ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی غرض سے کہیں بھی جا رہے ہوں ان کو چاہئے کہ وہ مقررہ وقت سے کچھ وقت پہلے نکلیں تو محفوظ طریقے سے سفر کرکے منزل مقصود تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ چند منٹوں کی جلد بازی ان کا ہنستا بستا گھر اجاڑ سکتی ہے تاہم شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے سمیت اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے غیر محفوظ طریقے سے سفر سے گریز کریں.