آریان خان گرفتاری: شاہ رخ خان کی ننھی مداح سپورٹ کرنے میدان میں آگئی

October 18, 2021

ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی گرفتاری کے مشکل وقت میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو سپورٹ کرنے اُن کی ننھی مداح میدان میں آگئیں۔

ان دنوں شاہ رخ خان اور گوری خان مشکل وقت سے گزر رہے ہیں کیونکہ ان کا بڑا بیٹا آریان خان کروز شِپ منشیات کیس میں ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں قید ہے، اس مشکل وقت میں جہاں بالی ووڈ ستارے شاہ رخ خان کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں تو وہیں دُنیا بھر میں موجود اُن کے مداح بھی مختلف طریقوں سے اداکار کا ساتھ دیتے نظر آرہے ہیں۔

آریان خان کی گرفتاری کے بعد سے شاہ رخ خان کے پرستار ان کا ساتھ دینے کے لیے مظاہرہ کر رہے ہیں اور اداکار کا حوصلہ بُلند کررہے ہیں، شاہ رخ خان کو جہاں اپنے بڑے اور نوجوان مداحوں کی سپورٹ حاصل ہے تو وہیں اداکار کی ایک ننھی مداح بھی سامنے آئی ہیں۔

اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک چھوٹی بچی کی تصویر وائرل ہورہی ہے جس نے ہاتھ میں ایک پوسٹر تھاما ہوا ہے۔

بچی کے ہاتھ میں موجود پوسٹر پر شاہ رخ خان کی تصویر آویزاں ہے جس پر انگریزی زبان میں درج ہے کہ ’ہم بادشاہ کے ساتھ ہیں۔‘

چھوٹی بچی کی تصویر دیکھ کر واضح ہورہا ہے کہ ناصرف بڑے اور نوجوان بلکہ چھوٹے بچے بھی شاہ رخ خان کو سپورٹ کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔