• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آریان خان گرفتاری: بھارتی عالم کی شاہ رخ خان پر تنقید

آل انڈیا تنظیم علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری اور بھارتی عالم مولانا شہاب الدین رضوی نے منشیات کیس میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آریان کو مدرسے میں پڑھایا ہوتا تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آل انڈیا تنظیم علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری اور بھارتی عالم مولانا شہاب الدین رضوی نے آریان خان کی گرفتاری کے حوالے سے خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر شاہ رخ خان اپنے بیٹے کو کچھ دنوں کے لیے مدرسے میں پڑھاتے تو اُن کے بیٹے کو اسلام کے قوانین کے بارے میں معلوم ہوتا اور یہ دن نہ دیکھنا پڑتا کیونکہ ہمارے مذہب میں کسی بھی قسم کا نشہ ممنوع ہے۔‘

مولانا شہاب الدین رضوی نے کہا کہ ’فلمی دنیا کے لوگ اسلام کے احکامات سے واقف نہیں ہیں، اسلام میں نشہ آور چیزیں لینا حرام ہے اور یہ مدرسے میں سکھایا اور سمجھایا جاتا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’دینِ اسلام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر بچہ غلط سرگرمیوں میں پڑتا ہے تو والدین کو اسے محبت سے سمجھاتے ہوئے اسے صحیح راستے پر لانے کی کوشش کرنی چاہیے، اگر شاہ رخ خان خود کسی مدرسے میں پڑھتے تو اُنہیں اس بات کا علم ہوتا۔‘

بھارتی عالم نے مزید کہا کہ ’اگر شاہ رخ خان کو تعلیم کے لیے کوئی مدرسہ نہیں ملا تھا تو اُنہیں اپنے گھر کی قریب مسجد کے امام سے ہی تھوری تعلیم لے لینی چاہیے تھی اور بیٹے کو بھی اسلام کے قوانین سے واقف کروانا چاہیے تھا۔‘

واضح رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

تازہ ترین