• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ،فوجی جوانوں پر فائرنگ ،کیمرا آپریٹرز سے تفتیش

Karachi Firing On Soldiers Interrogated Camera Operators
کراچی کے علاقے صدر میں فوجی جوانوں پر حملے کے وقت پارکنگ پلازا میں لگے کیمرے کیوں بند تھے؟کیا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا یا حملہ آور جانتے تھے کہ جس وقت کیمرے بند ہوں حملہ اس وقت ہی کرنا ہے؟

پلازا کے دو کیمرا آپریٹروں سے تفتیش شروع کردی گئی، دونوں حملہ آور ایک موٹرسائیکل پر سواراور ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے، مزار قائد کے قریب چورنگی پر پہلی بار گاڑی کے پیچھے نظر آئے،حساس اداروں نے کوریڈّور تھری پر لگے کیمروں کی ویڈیو حاصل کرلی۔

دہشت گردوں کا ایک اور وار، نشانہ بنے پھر دو فوجی اہلکار،کراچی میں گزشتہ روز ہوئی، اس واردات کا ایک اور چونکانے والا پہلو یہ ہے کہ وقوعہ صدر کے علاقے میں واقع پارکنگ پلازہ کے سامنے پیش آیااور پلازہ پر لگے کیمرے، دوپہر دو بجے سے شام چار بجے تک بند پائے گئے،اس کی وجہ سے فوجی گاڑی پر فائرنگ کرنے والوں کی کوئی ویڈیو نہیں مل سکی۔

ایسا کیوں ہوا؟کیمرے اتفاقیہ بند تھے؟ یا کسی نے انہیں جانتے بوجھتے بند کیا؟کیا کوئی پہلے سے جانتا تھا کہ وہاں کیا ہونے والا ہے؟اور کیا دہشت گردوں نے دن دہاڑے فوجی گاڑی پر حملے کی ہمت اس لئے تو نہیں کی کہ وہ کیمروں کی بندش سے واقف تھے؟

یہ ہیں وہ سوالات، جن پر سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہے، پارکنگ پلازہ کے کیمروں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ کنٹرول روم کے دو آپریٹرز کو حراست میں لے کر کیمروں کی بندش سے متعلق تفتیش بھی کی جارہی ہے۔

تفتیشی حکام کو پارکنگ پلازہ کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دوپہر میں دو گھنٹے کیمروں کا بند رکھا جانا روز کا معمول ہے، اس بات کی تصدیق کنٹرول روم کے ایک ملازم نے بھی کی ہے۔

جیونیوز کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حساس اداروں نے کوریڈّورتھری پر لگے کیمروں کی ویڈیو حاصل کرلی ہے،ویڈیو سے پتا چلا ہے کہ دہشت گرد ، مزار قائد کی عقبی سمت سے فوجی گاڑی کے پیچھے لگے،دونوں حملہ آور ایک موٹرسائیکل پر سوار اور ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔

حملہ آور مزار قائد کی عقبی سمت میں چورنگی پرپہلی بار گاڑی کے پیچھے نظر آئے اور واردات کے بعد اسی جانب جاتے ہوئے نظر آئے،سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جائے وقوع کی جیو فینسنگ بھی کرلی گئی جس میں موبائل فون نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کی جانچ کی گئی ہے۔
تازہ ترین