• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ،میر واعظ نے عالمی رہنماؤں کو خط لکھ دیا

Kashmir Situation Mir Waiz Write A Letter To World Leaders
مقبوضہ کشمیر کی گھمبیرصورت حال پر حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق نے عالمی رہنماؤں کو خط لکھ دیا ۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری مسئلے کے حل میں کردار ادا کرے کیونکہ پاکستان اور بھارت ایسا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

میر واعظ عمر فارق نے یہ خط اقوام متحدہ ، پوپ فرانسس ، دلائی لاما ، امام کعبہ ، شنکر اچاریہ اور دہلی میں تعینات مختلف ممالک کے سفیروں کے نام تحریر کیا ہے ۔

خط میں عالمی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی توجہ مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی ظلم کی جانب مبذول کرائی گئی ہے ۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ’’پوری وادی کے عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ۔۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہے ۔۔ غذائی اشیا کی ترسیل روکی جاری ہے اور دنیا کو اصل صورت حال سے بے خبر رکھنے کے لیے میڈیا پر بھی پابندیاں ہیں ‘‘۔۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق تنظیموں کو بھی وادی میں آنے سے روکا جارہا ہے ۔

میر واعظ نے لکھا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیے جانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور اگر عالمی برادری نے بروقت مداخلت نہ کی تو وادی میں صورت حال مزید ابتر ہوسکتی ہے ۔

میر واعظ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ پاکستان اور بھارت خود اس مسئلے کو حل نہیں کرسکتے لہذا اس مسئلے کا قابل عمل حل تلاش کیا جائے ۔
تازہ ترین