• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو خصوصی پیکیج کے طور پر 10 ارب روپے دیئے، وزیر اعلیٰ سندھ

10 Billion Given As Karachi Package Cm Sindh
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو خصوصی پیکیج کے طور پر 10 ارب روپے دیئے گئے ہیں اورکراچی کیلئے 19 اسکیمیں رکھی گئی ہیں۔ان خیالات کا اظہار آ ج انہوں نے میرٹ ہوٹل میں جنگ گروپ کی جانب سے دئیے گئے ’’ بریک فاسٹ وِد جنگ ‘‘ کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں سکندر لودھی ،سید سر مد علی ،تاجر برادری ، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے بھی شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام میں لوگوں سے بھی ملاقات ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے29 جولائی کو بطور وزیر اعلیٰ سندھ کا حلف اٹھایا تھا۔ ہر آدمی اپنے حصے کا کا م کرے اور وقت پر کام کرنے کا آغاز کیا جائے۔ شہر میں مسائل بہت زیادہ ہیں مگراسٹاف نے میرا بہت ساتھ دیا،چیزیں تسلسل کے ساتھ چل پڑی ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن و امان ایک بڑا مسئلہ ہے۔ گذشتہ آٹھ سالوں میں جو کچھ ہوا اس کا علم ہے۔سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں امن و امان کی صورت حال بگڑ ی ہے مگر ہماری فورسز کی بر وقت کارروائی اور موثر اقدامات کی بدولت امن و امان کی صورت حال بہت حد تک بہتر ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پولیس کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور کارکردگی کی بہتری کیلئے جو آلات چاہیں وہ پولیس کو دے دیے گئے ہیں۔ میڈیا ہاؤسزکی سیکورٹی کیلئے خاص اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ثقافتی اور ادبی چیزوں کو بھی اجاگر کررہے ہیں۔ بچوں کو ایسے مواقعے دیے جارہے ہیں کہ وہ برائی سے دور رہیں گے۔مسائل حل کرنے کیلئے تمام لوگوں کا ساتھ چاہیے۔2018 کے انتخابات کیلئے بھی کام کررہے ہوں اور میں گڈ گورننس کی مثال قائم کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ہر 15 دن میں ایک اجلاس کیا جارہا ہے۔22 اگست کے واقعے کے بعد بھی ہم نے پور ے سندھ اور خاص طور پر کراچی میں بھی الیکشن کروائے ۔انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت مئیر کے جو بھی اختیارات ہوں گے انہیں دیں گے۔
تازہ ترین