• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مکا چوک عزیز آباد کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

Karachis Mukka Chawk Rename Soon
کراچی کے علاقے مکا چوک عزیز آباد کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مکا چوک کا نیا نام فائنل کرلیا گیا ہے، نیا نام شہید ملت لیاقت علی خان چوک ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر وسطی کو نام بدلنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جو کچھ دیر میں نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔

مکا چوک فاروق ستار کی میئر شپ کے دور میں 1991ء میں قائم کیا گیا تھا،14 اگست 2009ء میں مصطفیٰ کمال کے دور میں اس کی تزئین و آرائش کی گئی۔ذرائع کے مطابق نام کی تبدیلی کے ساتھ ہی علاقے میں نئے نام کا بورڈ بھی لگایا جائے گا۔

دوسری جانب ڈپٹی میئر کراچی ارشد ووہرا کی سرگوشی سے شروع ہونے والا سلسلہ اب ایم کیو ایم کے قائد کی تصاویر ہٹانے تک جا پہنچا ہے، ارشد وہرہ نے کل میڈیا ٹاک میں میئر وسیم اختر کو ایم کیو ایم کے قائد کا نام لینے سے روکا تھا، آج قائد کی تصویریں نہ صرف نائن زیرو، مکا چوک بلکہ ارد گرد کی تمام گلیوں سے ہٹا دی گئیں ۔

یہ کام کس نے کیا؟ کسی کو نہیں پتہ، نہ کوئی دعوے دار سامنے آیا کہ یہ کام اس نے کیا،نہ اس پر اعتراض کرنے والا کوئی سامنے آیا،یہ تصاویر ایک دو نہیں، تیس سال سے زائد عرصے سے آویزاں تھیں۔

ایم کیو ایم کے قائد کی تصویریں صرف کراچی نہیں، حیدرآباد سے بھی ہٹادی گئی ہیں ،یہ تصویریں حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے زیر اثر کئی علاقوں میں لگی تھیں۔
تازہ ترین