• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Modi Should Give Rights To Kashmiris Imran Khan
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم پاکستان کو تنہا کرنے کی باتیں کرنے کے بجائے کشمیریوں کو آزادی کا حق دیں۔

کراچی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ مارچ کا مقصد ملک میں کرپشن کا خاتمہ اور انصاف کی بالا دستی ہے۔

عمران خان نے کشمیر کے مسئلے پر نریندر مودی کو آئینہ ہی نہیں دِکھایا، بلکہ رائے ونڈ مارچ کا مقصد بھی بتایا، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے ،پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلے کی جڑ کشمیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مودی کے پاکستان کو تنہا کرنے کے بیان کی مذمت کرتاہوں ،کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے،طاقتور سے حقوق لینے کےلیے جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی میں 60 فیصد گھوسٹ ملازمین ہیں ،ہم ظالم کے سامنے کھڑے ہونے کےلیے تیار ہیں، کراچی میں پینے کا پانی نہیں ہے، تھانوں میں ظلم ہے،ظلم کے نظام کو حاوی کرنے سے معاشرے کی تباہی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم رنگے ہاتھوں پکڑا جاتا ہے کوئی ادارہ کارروائی نہیں کرتا،اگر قوم جدوجہد نہ کرے تو تباہی کی طرف جاتی ہے، اگر ہم عوام کو موبلائز کرسکے تو نئے پاکستان کی طرف جائیں گے،پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے۔

کنونشن سے عارف علوی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

اس سے قبل مقامی ہوٹل میں اخبارات کے ایڈیٹرز کے ساتھ نشست میں عمران خان نے کہا کہ اس بار میرا ایمپائر انگلی اٹھادے گا، ایم کیوایم پاکستان کو کراچی میں ویلکم کرتے ہیں۔
تازہ ترین