• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیلٹی اسٹورز کا 2 سال میں منافع 3ارب سے کم ہوگیا

Gross Profit Was Less Than 3 Billion Utility Stores
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے مجموعی منافع میں دوبرس میں 3ارب 80کروڑ روپے کی کمی ہوئی ہے جبکہ انتظامی اخراجات 13کروڑ روپے بڑھ گئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن میں اشیاء و خورد ونوش کی فروخت میں دو سال میں28 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی سیل گذشتہ دوسال میں74ارب 79کروڑ روپے سے کم ہوکر 46ارب 80کروڑ روپے رہ گئی ہے۔

مالی سال14- 2013میں کارپوریشن کی مجموعی سیل 74ارب 79کروڑ روپے تھی جو15- 2014میں کم ہوکر 55ارب 90کروڑ روپے اور16- 2015میں مزید کم ہوکر 46ارب 80کروڑ روپے رہ گئی۔

عوام کو سستی اشیائے خورد و نوش فراہم کرنے والے قومی ادارے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا مجموعی منافع14 -2013 میں 5ارب 79کروڑ روپے تھا جو16- 2015میں کم ہوکر ایک ارب 99کروڑ روپے رہ گیا۔

اسی طرح یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے انتظامی اخراجات میں بھی دوسال میں 13کروڑ روپے اضافہ ہو گیا ہے 14-2013 میں کارپوریشن کے انتظامی اخراجات 23کروڑ روپے سالانہ تھے جو16 -2015میں بڑھ کر 36کروڑ روپے ہوگئے۔

یوٹیلٹی ا سٹورز کارپوریشن کے حکام کے مطابق کارپوریشن کی سیل میں کمی کی بڑی وجہ چینی پر سبسڈی کا خاتمہ ہے ،تاہم ذرائع کے مطابق سیل میں کمی کی وجہ کارپوریشن انتظامیہ کی بد انتظامی بھی ہے۔کارپوریشن ڈیڑھ سال تک مستقل منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی ) کے بغیر کام کرتا رہا۔

گزشتہ دنوں قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار میں بھی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن میں ہونیوالی کرپشن کا معاملہ زیر بحث آیا تھا جس میں کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز کرپشن اور اس میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

صرف بلوچستان میں کارپوریشن کے 74ملاز مین بدعنوانی میں ملوث ہیں جنہوں نے 35کروڑ روپے سے زیادہ کی کرپشن کی۔
تازہ ترین