• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Bangladeshi Female Architects Mosque Design Wins Prestigious International Prize
مدیحہ بتول......بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک خاتون ماہر تعمیرات نے ماحول دوست مسجد کی تعمیر کے لئےنقشہ تیار کر کے بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کا شمار ایسےممالک میں ہوتا ہے جہاں خواتین کوشاذ و نادر ہی مسجد میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے، وہاں کسی خاتون کا مسجد کی تعمیر میں حصہ لینا کوئی معمولی بات نہیں۔

مرینہ تبسم نامی خاتون ماہر تعمیرات کو ماحول دوست اور کم خرچ مسجد کی تعمیر کے لیے بنائے جانے والے منفرد ڈیزائن پر بین الاقوامی آغا خان ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس مسجد کا نام بیت الرؤف ہے جسے میناراور گنبد، کے بغیر تعمیرکیا گیا ہے۔ مسجد میں بجلی کا بہت ہی کم استعمال ہوتا ہے کیونکہ نماز کا ہال دن بھر سورج کی روشنی سے منور رہتا ہے۔ قدرتی ہوا کے گزر کا بھی بہت اچھا نقشہ تیار کیا گیا ہے۔

اس کی تعمیر میں مقامی سطح پر تیار کردہ سامان استعمال کیا گیا۔ خاص بات یہ ہے کہ مسجد کے ماہانہ اخراجات صرف پانچ ہزار روپے ہیں۔

مرینہ تبسم نے جرمن خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’’میں روحانیت پر بہت یقین رکھتی ہوں اور سمجھتی ہوں کہ نماز پورے خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی جائے۔ اسی لیےڈیزائن تیار کرتے ہوئے میں نے اس بات کو مد نظر رکھا کہ نماز کے ہال میں قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کا زیادہ سے زیادہ گزر ہو تاکہ نمازکے دوران نمازیوں کو روحانیت کا احساس ہو‘‘

جدید ڈیزائن میں تعمیر مسجد کو دیکھ کر نمازیوں کے ردعمل کے متعلق مرینہ نے بتایا کہ ’’ہمیں اس بات کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ مساجد سماجی تعلقات میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، میں نے اس مسجد کی تعمیر سے لوگوں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنے کی کوشش کی ہے جہاں وہ آزادانہ طور پر بات چیت کر سکیں۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے بطور ماہر تعمیرات اس سلسلے میں کسی بھی چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ عام طور پر مساجد کسی ماہر تعمیرات کے ہاتھوں تیار نہیں ہوتیں مگر پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ تعمیر کی گئی ماحول دوست مسجد کو دیکھ کر لوگ بہت خوش ہیں۔
تازہ ترین