• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہلیری کی ای میلز پر تفتیش، ٹرمپ ایک پوائنٹ آگےنکل گئے

Investigation Of Hillary Emails Trump Moves A Point Ahead
ہلیری الیکشن کیمپین کا کہنا ہے کہ ای میلز تحقیقات کے باوجود انہیں امید ہے کہ ہلیری صدارتی انتخاب جیت جائیں گی ۔ صدر اوباما نے بھی ووٹرز پر زور دیا کہ وہ ٹرمپ کے فریب میں نہ آئیں، تاہم ایک تازہ سروے کے مطابق ٹرمپ کو ہلیری پر ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل ہوگئی ہے جبکہ ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ اسے ٹرمپ کے روس کے ساتھ خفیہ تعلقات کے شواہد نہیں ملے ۔

ایف بی آئی کی جانب سے ای میلز معاملے کی دوبارہ تحقیقات کے اعلان کے بعد سے امریکا کی سیاست نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے اور چند روز قبل ہیلری کو مخالف امیدوار ٹرمپ پر سبقت حاصل تھی لیکن اب انہیں شدید دھچکے کا سامنا ہے ۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 46 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے جبکہ ہیلری کلنٹن 45 فیصد حمایت کے ساتھ پیچھے ہیں۔

ہلیری الیکشن کیمپین کا کہنا ہے کہ ای میلز کی دوبارہ تحقیقات کا معاملہ سامنے آنے کے بعد ہلیری سیاسی بحران سے بخوبی نمٹ لیں گی ۔ کمپین نے امید ظاہر کی کہ ہلیری کی مجموعی حمایت میں کمی آئی ہے تاہم انہیں اس کے باوجود امید ہے کہ وہ درکار 270 الیکٹورل ووٹ با آسانی حاصل کرلیں گی ۔

ریاست اوہائیو میں ہلیری کی انتخابی مہم سے خطاب میں صدر اوباما نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ ٹرمپ کے فریب میں نہ آئیں ۔ انہوں نے ووٹرز سے کہا کہ وہ ووٹنگ کے معاملے میں صنفی امتیاز کا شکار نہ ہوں ۔ ہلیری بہت سے امیدواروں سے زیادہ قابل ہیں ۔

ریاست مشی گن میں انتخابی ریلی سے خطاب میں ٹرمپ نے ایک بار صدر اوباما کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد وہ کانگریس کا خصوصی اجلاس طلب کرکے صدر اوباما کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہیلتھ کیئر بل فوری طور پر منسوخ کردیں گے ۔

الیکشن میں اب صرف چھ دن رہ گئے ہیں دونوں پارٹیوں کی جانب سے فنڈ ریزنگ میں بھی تیزی نظر آرہی ہے ۔ ہلیری کیمپین کے مطابق گزشتہ تین دنوں کے دوران ایک کروڑ تیرہ لاکھ فنڈ جمع کیا گیا جبکہ دوسری جانب ٹرمپ الیکشن کیمپین نے اعلان کیا ہے کہ وہ آخری ہفتے کے دوران اشتہاری مہم پر دو کروڑ پچاس لاکھ ڈالر خرچ کریں گے ۔

امریکی میڈیا کے مطابق روس کے ایک سابق جاسوس نے ایف بی آئی کو خط لکھا تھا کہ روس 5 سال سے ڈونلڈ ٹرمپ کی مدد کر رہا ہے اور انہیں امریکی صدر دیکھنا چاہتا ہے ۔ سابق جاسوس کی جانب سے مزید کہا گیا کہ روس کا ڈونلڈ ٹرمپ سے تعلقات بڑھانے کا مقصد مغربی اتحاد میں پھوٹ ڈالنا اور اسے توڑنا ہے ۔

تاہم ایف بی آئی نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے، ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ان الزامات میں حقیقت دکھائی نہیں دیتی، فی الحال اس معاملے کی تحقیقات نہیں کی جا رہیں ۔
تازہ ترین