• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاس اینجلس میں ساڑھے 7 لاکھ افراد کا حقوق نسواں کیلئےمظاہرہ

75 Lacs People Protest For Womens Rights In Los Angeles
واشنگٹن کی سڑکوں پر پانچ لاکھ مظاہرین نئے صدر کے خلاف کھڑے ہوگئے،لاس اینجلس میں ساڑھے سات لاکھ افراد نے خواتین کے حقوق کے لیے مظاہرہ کیا،امریکا سے برطانیہ،فرانس سے بیلجیئم،جرمنی سے آسٹریلیا تک ساٹھ ملکوں کے چھ سو ستر شہروں میں لاکھوں آوازیں ٹرمپ کے خلاف بلند ہوئیں،معروف گلوکارہ میڈونا بیزار ہوکر کہہ گئیں کہ دل تو کررہا تھا وائٹ ہاوس کو دھماکے سے اڑادوں۔

ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے ڈھائی لاکھ دعوت نامے جاری کیے گئے،لیکن اس سے دوگنی تعداد میں ان کے مخالفین نے واشنگٹن ڈی سی کی سڑکوں پر دمادم مست قلندر کردیا، خواتین کے حقوق کی آواز اٹھانے والوں میں جہاں عام شہری جمع ہوئے وہیں فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی مظاہرین کی آواز سے آواز ملائی۔

لاس اینجلس والوں نے تو واشنگٹن ڈی سی کو بھی پیچھے چھوڑا،امریکی میڈیا کے مطابق شہر تقریباً ساڑھے سات لاکھ مظاہرین کے نعروں سے گونجتا رہا،ڈینور،ڈالاس،شکاگو،نیویارک،آک لینڈ پورٹ لینڈ سمیت تین سو شہروں میں پندرہ سے بیس لاکھ ٹرمپ مخالفین نے نئے صدر سے اپنی بیزاری کا اظہار کیا۔

امریکا سے برطانیہ،فرانس سے بیلجئیم،،جرمنی سے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ تک ساٹھ ملکوں کے چھ سو ستر شہروں میں ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو مسترد کرنے والے نکلے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا،بعض دل جلوں نے تو یہاں تک کہا کہ ٹرمپ میڈیا پر اپنے تئیں صحیح غصہ ہوئے کیونکہ انہوں نے مخالفین کو بھی وہ مہمان سمجھا جو ان کی حلف برداری کی تقریب دیکھنے آئے ہوں۔
تازہ ترین