• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائنل قوم کو متحد کرنے کا موقع ہے، چیئرمین پی سی بی

Psl Final Opportunity To Unite Nationchairmen Pcb
چیرمین پی سی بی شہر یار خان کا کہنا ہے کہ لاہور میں فائنل غیر ملکی ٹیموں کے لیے دروازے کھولنے کے ساتھ قوم کو متحد کرنے کا بھی موقع ہے، پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں میں 4 ،4 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوں گے ۔

قذافی اسٹیڈیم میں لاہور میں کالج اینڈ کی عمارت کے افتتاح کے بعد نجم سیٹھی اور شہر یار خان نے میڈیا سے گفتگو کی۔

اس موقع پر شہر یار خان نے کہا کہ پی سی بی کی طرف سے پی ایس ایل ایک تحفہ ہے، نجم سیٹھی صاحب اور پی ایس ایل سیکرٹریٹ کی محنت رنگ لائی، فائنل کے انتظامات پر نجم سیٹھی مبارکباد کے مستحق ہیں،عام لوگوں کیلئے 500 روپے مالیت کے 10 ہزار ٹکٹ رکھے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ عوام کی خواہش کے مطابق پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہورہا ہے، فائنل میں غیر ملکی کھلاڑی بھی آئیں گے اور انشاء اللہ پاکستان میں کرکٹ واپس آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ دبئی جا کر غیر ملکی کھلاڑیوں سے بات کریں گے، اللہ کرے تمام غیر ملکی کھلاڑی آنے کو تیار ہوجائیں، نہ ہوئے تو متبادل لیں گے، پی ایس ایل کا فائنل کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ محنت کرنی ہے، لوگوں میں اتنا جوش اورخوشی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔

انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے سیکیورٹی انچارج سمیت 8 عالمی سیکورٹی ماہرین بھی لاہور آئیں گے، وہ میچ بھی دیکھیں گےا ور انتظامات کا جائزہ بھی لیں گے، پنجاب حکومت نے پابندی لگائی ہے کہ اسٹیڈیم میں داخلہ صرف شناختی کارڈ پر ہوگا۔

چیئرمین پی ایس ایل نے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول بتایا اور ان کی قیمت سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی قوم کا عزم ہے کہ دہشت گردوں سے بلیک میل نہیں ہوں گے، قوم نے جرات اور بہادری دکھائی ہے،میڈیا کی سپورٹ کے بغیر یہ ممکن نہیں ہوسکتا تھا۔
تازہ ترین