• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیبیو سنچری، 10 ہزار رنز، یونس نے کئی معرکے سر کیے

Debut Century 10 Runs Younis Fired Several Battles Head
سلطان آف مردان یونس خان کو کبھی سپر اسٹار کرکٹرکا درجہ نہ مل سکا۔ لیکن اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے کے بعد انہوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، وہ ایک کے بعد دوسرا معرکہ سر کرتے ہوئے پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

کنگسٹن جمیکا میں یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے۔ یہ اعزاز جاوید میاں داد اور انضمام الحق جیسے بیٹسمینوں کے حصے میں نہیں آسکا۔ وہ دس ہزار رنز بنانے والے دنیا کے 13ویں کرکٹر ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے پہلے 10 ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھارت کے سنیل گاوسکر نے 1987 میں پاکستان کے خلاف احمد آباد ٹیسٹ میں بنا کر حاصل کیا تھا۔

اب تک آسٹریلیا کے ایلن بارڈر، اسٹیو وا، رکی پونٹنگ،ویسٹ انڈین برائن لارا،شیونارائن چندرپال ، بھارت کے سنیل گاوسکر سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، جنوبی افریقا کے جاک کیلس، سری لنکا کےمہیلا جے وردھنے، کمار سنگاکارا، اور انگلینڈ کےایلسٹر کک 10 ہزار رنز بنا چکے ہیں۔ یونس خان دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نےٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں پانچ سنچریاں بنائی ہیں۔

یونس خان نے 26 فروری 2000 کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور دوسری اننگز میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 107رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ٹرپل سنچری اور پانچ ڈبل سنچریاں بھی بنائیں جبکہ دو مرتبہ وہ 190 سے زائد اسکور کرکے آئوٹ ہوئے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 313 ہے۔ یہ حنیف محمد 337 اور انضمام الحق 329 رنز کے بعد پاکستان کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کی تیسری بڑی انفرادی اننگز ہے۔

یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیااور انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔

یونس خان اپنے ٹیسٹ کیریئر میں صرف ایک ہی بار 2001میں نیوزی لینڈ کے خلاف نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے ۔ آکلینڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے تاہم دوسری اننگز میں 149 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

یونس خان واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سمیت 11 ملکوں میں سنچری اسکور کی ہے۔

انہوں نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ میچ سے کیا اور 46 رنز بنائے۔ یونس خان نے 265 ایک روزہ میچ کھیل کر 7249 رنز بنائے ہیں جن میں سات سنچریاں اور 48 نصف سنچریا ں شامل ہیں۔ ان کا بہترین اسکور 144 رنز ہے۔

یونس نے نومبر 2015میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوران ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ ان کی قیادت میں پاکستان 2009 میں ٹی 20 کا عالمی چیمپئن بنا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے ایک اور میچ کھیلا۔
تازہ ترین