• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے میں لال بیگوں کی موجودگی کی ویڈیو وائرل

Video Viral Of The Presence Of Cockroach In Pia

پاکستان کی سرکاری ایئرلائن کمپنی پی آئی اے کے طیارے میں ایک مسافر کی جانب لال بیگوں کی موجودگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کیے جانے کے بعد دنیا بھر میں ویڈیو دیکھنے والوں نے کراہیت اور ناگواری کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محمد جامی نامی مسافر کی جانب سے ریکارڈ کی جانے والی اس ویڈیو کو لائیو لیک پر اپ لوڈ کیا گیا جس کے بعد دنیا بھر کے ہزاروں لوگوں نے یہ ویڈیو دیکھ کر غم و غصے کے ساتھ کراہیت کا اظہار کیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لال بیگ نشستوں کے اندر سے نکل رہے ہیں جبکہ ایئرلائن کی جانب سے فراہم کردہ تکیوں میں سے بھی نکل رہے ہیں۔

تیس سیکنڈ کی ویڈیو میں ناراض مسافر کو فضائی میزبان کو شکایت کرتے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔ یہ واضح نہیں کہ آیا مسئلہ حل ہوا۔

بدقسمتی سے پی آئی اے میں پیش آنے والا یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ رواں سال فروری میں عمرہ کیلئے مدینہ جانے والے مسافروں کو کھڑے ہو کر سفر کرایا گیا تھا جبکہ 2013 میں پائلٹ نے برطانیہ سے پاکستان جانے والی پرواز میں شراب پی کر طیارہ اڑایا تھا۔

طیارے میں 156 افراد سوار تھے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ متعلقہ حکام، پائلٹ اور کریو ممبران کیخلاف کارروائی شروع کی جا چکی ہے۔

تازہ ترین