• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں دھماکا ،پولیس اہلکاروں سمیت12 افرادجاں بحق

Five Killed Several Injured In Explosion Near Igp Office In Quetta

کوئٹہ کے آئی جی آفس کے سامنے شہدا چوک پر بارودی مواد سے بھری گاڑی میں زور دار دھماکے سے 6پولیس اہلکاروں سمیت 12افراد جاں بحق جبکہ 10سالہ بچی اور پولیس اہلکاروں سمیت21افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے میں استعمال کی جانے والی کار سے متعلق پولیس کی ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ یہ کار 1996ماڈل کی ہے، رجسٹریشن کراچی کی جبکہ گاڑی جمیل نامی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور آخری بار اس کا ٹیکس2008 میں جمع ہوا تھ۔

دھماکا کوئٹہ کے گلستان روڈ پر واقع آئی جی آفس کے سامنے شہداء چوک پر اس وقت ہوا، جب پولیس اہلکاروں نے مشکوک کار کو روکنے کی کوشش تو اس میں سوار حملہ آور نے دھماکا کردیا۔

 ڈی آئی جی آپریشن عبد الرزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت گاڑی میں دہشت گرد تھا یانہیں، فی الحال یقین سے کہنا مشکل ہے۔

 دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے میں دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کوسول اسپتال منتقل کیا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق کار میں مبینہ خودکش حملہ آور بھی سوار تھا، جس کا ممکنہ ہدف آئی جی آفس تھا۔

پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لےکر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب سول اسپتال کوئٹہ میں سیکورٹی بڑھادی گئی ہے جبکہ بولان میڈیکل کمپلیکس میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا تقریباً پونے نو بجے اس وقت ہوا جب پولیس اہلکاروں مشکوک گاڑی کوروکنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو اڑا لیا۔ان کا کہنا تھا کہ جس نوعیت کا دھماکا تھا اتنا نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد حملے کے خدشات تھے اورسیکورٹی کے تمام ممکنہ انتظامات کیے گئے تھے۔

آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم انجم نے بھی دھماکےکی جگہ کا دورہ کیا اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔

دھماکے کی مذمت، رپورٹ طلب
وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہےاور حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایک بیان میں وزیرداخلہ نے جاں بحق افرادکے اہل خانہ دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

وزیراعلی ٰبلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہارافسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نےزخمیوں کوفوری بہترین طبی امداد کی فراہمی اورشدیدزخمیوں کوکراچی منتقل کرنےکےانتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ بھرمیں سیکورٹی انتظامات بڑھائے جائیں۔

تازہ ترین