• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا:پی ٹی آئی حکومت نئی سیاسی مشکل سے دوچار

Khyber Pakhtunkhwa Pti Government Undergoes New Politicial Difficulty

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت سیاسی طور پر ایک نئی مشکل صورت حال سے دوچار ہوگئی، ایک جانب صوابی سے تعلق رکھنے والا بااثر ترکئی خاندان وزیر اعلی پرویز خٹک پر الزامات کے ساتھ کھل کر سامنے آ گیا۔

دوسری طرف تحریک انصاف کے منحرف ایم پی اے ضیاء اللہ آفریدی نے صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات کی تحریک التوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی۔

پرویز خٹک اور ترکئی خاندان کے درمیان اختلافات بھی شدت اختیار کر گئے، وزیر صحت شہرام ترکئی کے چچا محمد علی ترکئی کا عمران خان سے شکایت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

میڈیا کو دئیے گئے ایک بیان میں صوبائی وزیر صحت کے چچا ایم پی اے محمد علی ترکئی نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا پارٹی کے بجائے ذاتی ترجیحات پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے پرویز خٹک کے خلاف فنڈز کی تقسیم اور بھرتیوں کے حوالے سے ناراضگی کا اظہار کیا ۔

محمد علی ترکئی نے الزام لگایا کہ وزیرا علی پارٹی حکومت کی بجائے ذاتی معاملات چلا رہے ہیں اور ان کے آگے پارٹی پالیسی کوئی معنی نہیں رکھتی ، وہ تحریک انصاف میں منشور کی وجہ سے شامل ہوئے تھے اور اب وہ اس معاملے پر عمران خان سے ہی بات کریں گے۔

پارٹی کے منحرف سابق وزیر ضیاء اللہ آفریدی نے اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک التواء میں موقف اختیار کیا ہے حکومت میں شامل افراد کرپشن میں ملوث ہیں ۔

پی ٹی آئی کے ایم پی اے یاسین خلیل نے ملازمت دلانے کے نام پر لاکھوں روپے کی رشوت لی ہے جبکہ اس کے خلاف رشوت لے کر ملازمت نہ دینے کا مقدمہ بھی چل رہا ہے، جس میں وہ ضمانت پر ہیں۔

تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ وزیر کھیل محمود خان کےذاتی اکاونٹ میں بھی رشوت کے لاکھوں روپے جمع کروائے گئے ہیں۔

تازہ ترین