• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام قطری عازمین حج کا خیر مقدم کریں گے، سعودی عرب

All Qatari Pilgrimage Well Come At Hajj Saudi Arabia

سعودی عرب کے وزیر برائے اطلاعات وثقافت عواد بن صالح العواد نے عازمین حج کے معاملے میں قطری حکومت کے طرز عمل کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب ماضی کی طرح رواں موسم حج میں بھی تمام قطری حجاج کرام کا خیرمقدم کرے گا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ قطر حج جیسی مقدس دینی عبادت کو سیاسی رنگ دے رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق قطر کا بائیکاٹ کرنے والے گروپ چار کے وزرا اطلاعات ونشریات کے اجلاس سے خطاب میں عواد بن صالح العواد نے کہا کہ قطر کی جانب سے حج کو سیاسی رنگ دینا دوحہ کے سیاسی زوال کی علامت ہے۔

ریاض میں ہونے والے چارعرب ممالک سعودیہ، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزرا اطلاعات کے اجلاس میں قاہرہ میں سابقہ اجلاسوں کی کارروائی کو آگے بڑھانے پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر چاروں ممالک کے وزرا خارجہ نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور نفرت کو ہوا دینے والے ذرائع ابلاغ اور ممالک کا ابلاغ کے میدان میں بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

سعودی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حج ایک مقدس دینی عبادت ہے۔ سعودی عرب اس عبادت کے موقع پر دنیا بھر سے آئے حجاج کرام کو اللہ کے مہمانوں کی حیثیت سے ان کی ہرممکن خدمت سہولت کو اپنے لیے باعث فخر سمجھتا ہے۔ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ سعودی حکومت نے مشرق و مغرب سے آنے والے بیت اللہ کے زائرین کی ہمیشہ خدمت کی ہے۔

 

تازہ ترین