• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی: ایران سرحد پر گیٹ اور باڑ لگادی گئی، وزارت داخلہ

National Assembly Gate And Fence Installed On Iran Border Interior Ministry

قومی اسمبلی کو بتایاگیا ہے کہ پاکستان نے پاک ایران سرحد پر خصوصی گیٹ اور 126 کلو میٹر سرحد پر خار دار باڑ لگادی ہے، پاک افغان سرحد بند کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں جبکہ مقامی دستاویزات پر سفری اجازت ختم کردی گئی ہے۔

چمن کے قریب پاک افغان سرحد پر گیٹ اور باڑ کی تنصیب کے لیے ٹریفک کی ڈیجیٹل نگرانی کی جا رہی ہے اور فرنٹئیرکور کے لیے 50 نئی پوسٹیں تعمیر کی گئی ہیں، گزشتہ5سال کے دوران 298بھارتیوں کو پاکستانی شہریت دی گئی۔

رکن خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب مین ایوان کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے پاک ایران سرحد پر خصوصی گیٹ اور 126 کلو میٹر سرحد پر خار دار باڑ لگادی ہے۔

رکن عائشہ سید کے سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا کہ ایران اورافغانستان کے ساتھ معمول کے مطابق فلیگ میٹنگز اور مشترکہ سرحدی کمیشن اجلاس ہو رہے ہیں، پاکستان کی جانب سے پاک ایران سرحد پر گیٹ تعمیر کردیا گیا ہے، گیٹ کے دونوں اطراف 126 کلومیٹر لمبی خاردارتار بھی لگائی گئی۔

ایوان کو بتایا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد بند کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں تاہم سرحدوں اور مزید چیک پوسٹوں کا قیام اور اسکینرز فراہم کیے جا رہے ہیں، سرحد کے آر پار سفر کی اجازت صرف ویزہ رکھنے والوں کو ہے، مقامی دستاویزات پر سفری اجازت ختم کردی گئی ہے،چمن کے قریب پاک افغان سرحد پر گیٹ اور باڑ کی تنصیب کے لیے ٹریفک کی ڈیجیٹل نگرانی کی جا رہی ہے اور فرنٹئیرکور کے لیے 50 نئی پوسٹیں تعمیر کی گئی ہیں۔

رکن شیخ روحیل اصغر کے سوال کے جواب میں وزارت داخلہ نے اپنے تحریری جواب مین ایوان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ 5سال کے دوران 298بھارتیوں کو پاکستانی شہریت دی گئی، 2012ء میں 48،2013ء میں 75 اور سب سے زیادہ 2014ء میں 76،2015ء میں 15،2016ء میں69اور رواں برس اب تک15بھارتیوں کو شہریت دی گئی۔

تازہ ترین