• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی کی روک تھام کیلئے گھر گھر ٹیمیں بھیج رہے ہیں: شہرام ترکئی

Kp Government Sending Teams Door To Door For Dengue Prevent Tarkai

پشاور میں ڈینگی سے متاثر افراد کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی، صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی کہتے ہیں کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے بھرپور انداز میں کام کیا جارہا ہے، انسداد پولیو مہم کی طرح گھر گھر ٹیمیں بھیجی جارہی ہیں۔

پشاور میں ڈینگی سے متاثر افراد کے علاج کے لیے محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے موبائل یونٹس کی تعداد بڑھاکر تین کردی گئی ہے۔

ڈینگی کے خلاف مناسب اقدامات نہ کرنے پر پشاور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست جمع کرادی گئی، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت خیبرپختونخوا کو پنجاب حکومت کے حوالے کردیا جائے۔

ادھر پشاور میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں ٹیموں کو انسداد پولیو مہم کی طرز پر گھر گھر بھجوارہے ہیں جو کھڑے پانی کا کھوج لگانے کے ساتھ انہیں ڈھک دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا اور پنجاب کے علاوہ سوات میں اپنی حکومت کے تجربات سے بھی استفادہ کریں گے، عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔

شہرام خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی امدادی ٹیموں کی آمد پر غلط فہمیاں پیدا ہوئی تھیں، تاہم وزیر صحت پنجاب سے بات چیت ہوئی، انہوں نے ہمارے پلان سے اتفاق کیا اور اس کے مطابق چلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے سے سیکھنے کا عمل جاری رہتا ہے،کوئی عقل کل نہیں،پنجاب کی ٹیم کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

شہرام ترکئی نے بتایا کہ ڈینگی سے پشاور میں5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں،خیبر ٹیچنگ میں227 افراد صحت مند ہوکر گھروں جاچکےہیں،پولیو کی طرح ڈینگی پر بھی قابو پالیں گے، ڈینگی کے تمام مریض سرکاری اسپتالوں میں ہی جاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی نہیں،کوئی کام بھی فنڈز کی کمی کی وجہ سےنہیں رک رہا، اسپتال آنے والے ڈینگی کے مریضوں کا مناسب علاج کیا گیا،ڈینگی کے مسئلے پر قابو پالیں گے عوام ہماری ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔

تازہ ترین