• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے منافع بخش روٹس پر مزید پروازیں چلائے گی

پی آئی اے نے 25کیڈٹ پائلٹس بھرتی کر لئے جو کہ اے ٹی آر طیاروں پر اپنی ڈیوٹی سر انجام دینگے۔ اس سلسلے میں پی آئی اے ہیڈ آفس میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن مہتاب احمد خان نے نئے بھرتی ہونے والے پائلٹس میں خط تقسیم کئے۔

اس موقع پر مہتاب احمد خان نے کہا کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت کو مقدم رکھا گیا ہے ۔بھرتی ہونے والوں کو این ٹی ایس، تحریری امتحان اور ٹریننگ کے بعد پی آئی اےمیں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے ٹرینی پائلٹس کو پی آئی اے کا حصہ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے میں پائلٹس ریٹائر ہو رہے ہیں اور انکی کمی پوری کر نے کیلئے یہ عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضابطوں کے مطابق پائلٹس اپنی ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد اگلے طیاروں کےلئے ترقی کر جاتے ہیں جن میں ائر بس اور بوئنگ 777شامل ہیں اور ان نوجوان پائلٹس کا طویل کیریئر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے مزید طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور کم منافع بخش روٹس کو بہتر حکمت عملی سے منافع بخش روٹس میں بدل دیا جائے گا جبکہ منافع بخش روٹس ہر پروازوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائیگا۔

مہتاب احمد خان نے کہا کہ جرمنی کے شہر لیپزگ میں پارک ائربس A310طیارہ ابھی بھی پی آئی اے کی ہی ملکیت ہے اور اس سلسلے میں ضروری قانونی کاروائی بشمول ایف آئی اے انکوائری مکمل کی جار ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی آئی اے کی بہتری کے لئے ٹیکنیکل گراؤنڈ سپورٹ کے لئے باہمی معاہدے پر غور کر رہے ہیں۔ پی آئی اے کے چیئرمین عرفان الہی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے بھی پائلٹس سے خطاب کیا اور انہیں پی آئی اے فیملی کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔

تقریب میں پی آئی اے کی اعلی انتظامیہ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
ُٰ

تازہ ترین