• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے ہر موقع پر جمہوریت کیخلاف قدم اٹھایا، بلاول

Imran Khan Took Steps Against Democracy On Every Occasion Bilawal

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج پھر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تاک تاک کے وار کیے، ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہر موقع پر جمہوریت کے خلاف قدم اٹھایا،وہ خواتین کے حقوق کے بھی خلاف ہیں ۔

ٹنڈو محمد خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کرپشن کرپشن کہتے ہیں، پہلے اپنا صوبہ تو دیکھ لیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے اپنے وزیر اور ایم این اے کہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے ٹھیکوں سے عمران خان کا گھر اور جہانگیر ترین کا جہاز چلتا ہے ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان کا مستقبل اصغر خان جیسا ہوگا،احتساب جمہوریت کا حصہ ہے اور جمہوریت احتساب کے بغیر نہیں چل سکتی

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خان صاحب کی پارٹی کی فنڈنگ میں اسرائیل تک کا ذکر آگیا جو ایک سنجیدہ بات ہے۔

بلاول نے یہ بھی کہا کہ عمران خان خواتین کے حقوق کے خلاف ہیں، انہوں نے خیبرپختونخوا میں خواتین کے خلاف بل پاس کرایا، عائشہ گلالئی نے عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ بی بی اور ذوالفقار علی بھٹو کے اصل ساتھی ان کے ساتھ ہیں اور جیالے بھی ان کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پی پی نےیہ بھی کہا کہ معیشت کا بہت برا حال ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں میں یہ فرق ہےکہ ہم سمجھتے ہیں کہ دولت اور وسائل کی تقسیم خاص لوگوں میں نہیں ہونی چاہیے۔

 

تازہ ترین