• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی: ایئر چیف

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

ایئر چیف مارشل سہیل امان ایئر ہیڈ کوارٹر میں ایئر پاورکے موضوع پر منعقدہ عالمی سیمینا رکے اختتامی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

پاک فضائیہ کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ سیمینار کے اختتامی سیشن میں پاک فضائیہ کے سربراہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

سیمینار میں 18ممالک کی فضائی افواج سے آنے والے مقررین اور مبصرین نے ’ایمرجنگ ٹرینڈز اِن ایئر پاور‘ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سیمینار کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

انہوں نے اس سیمینار میں غیر روایتی خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے ایئر پاور کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ پاک فضائیہ کے مسلح افواج کے ساتھ مل کرضرب عضب اور آپریشن ردالفساد جیسے کامیاب آپریشنز کا بھی ذکر کیا۔

اسی ضمن میں انہوں نے دوست ممالک کی فضائی افواج کو حال ہی میں قائم کردہ پاک فضائیہ کے ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس میں تربیتی تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی۔

پاک فضائیہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، پاکستان میں موجود غیر ملکی دفاعی اور فضائی اتاشی، دفاعی تجزیہ کار اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمایاں افراد بھی اس سیمینار میں موجود تھے۔

تازہ ترین