• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Football World Cup 2018 Will Be Played In Russia

دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹ بال کا عالمی کپ آئندہ برس یعنی 2018 میں چودہ جون تا پندرہ جولائی روس میں کھیلا جائے گا۔ فیفا عالمی میلے تک پہنچنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ چار مرتبہ عالمی چیمپئن اٹلی اور تین مرتبہ فائنل تک پہنچنے والی ہالینڈ کی ٹیم آئندہ فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں۔

دفاعی چیمپئن جرمنی کی مہم شاندار اور ہر طرح سے مثالی رہی۔ گزشتہ روز اپنے اختتام کو پہنچنے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنے تمام میچز میں فاتح رہی اور یوں ٹورنامنٹ کے لیے باآسانی کوالیفائی کر لیا۔

کوچ یوآخم لیوف کی ٹیم دس کے دس میچ جیتی لیکن اور بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میچوں میں جرمن کھلاڑیوں نے 43 گول اسکور کیے جبکہ ان کے خلاف اسکور ہونے والے گول کی مجموعی تعداد صرف چار تھی۔

یہی وجہ ہے کہ ابھی سے مبصرین جرمنی کو اس بار بھی یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ کوالیفائنگ میچز میں انگلینڈ، اسپین اور بیلجیم کی ٹیموں نے بھی اپنا ایک بھی میچ نہیں ہارا۔

12 مارچ 2015 سے شر وع ہونے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 2010 ممالک کے درمیان مجموعی طور پر 868 میچز کھیلے گئے، جن میں2454گول اسکور ہوئے۔ پولش فارورڈ رابرٹ لیوانڈووسکی کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی۔

انہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے کیے جانے والے 28 میں سے سولہ گول اسکور کیے۔ علاوہ ازیں لیوانڈووسکی وہ واحد کھلاڑی ہیں، جو کوالیفائنگ میچز کے کھیل کے ایک ایک منٹ کا حصہ تھے۔ان کے علاوہ سعودی عرب کے محمد الشلاوی اور متحدہ عرب امارات کے احمد خلیل نے بھی 16،16 گول اسکور کیے۔

آخری میچ کے بعد کروشیا کی ٹیم نے بھی میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ آئس لینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ عالمی کپ ٹورنامنٹ تک پہنچی ہے۔ یہ وہی ٹیم ہے، جس نے 2016 میں ہونے والے یورو کپ میں اپنے شاندار کھیل سے سب کو متاثر کیا تھا۔

کل 30000 آبادی والا ملک آئس لینڈ اس ٹورنامنٹ کا حصہ بننے والا سب سے چھوٹا ملک ہے۔ آئندہ ورلڈ کپ کے لیے بر اعظم افریقہ سے مصر، مراکش، نائجیریا، سینیگال اور تیونس کی ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے۔

اسی طرح ایشیا سے ایران، جاپان، جمہوریہ کوریا اور سعودی عرب کی ٹیمیں کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں۔ یورپ سے مجموعی طور پر چودہ ٹیموں نے کوالیفائی کیا، جن میں بیلجیم، فرانس، پرتگال، سویڈن، کروشیا، جرمنی، روس، سوئٹزرلینڈ، انگلینڈ، پولینڈ، اسپین، سربیا، ڈنمارک اور آئس لینڈ شامل ہیں۔

کریبیئن، شمالی و وسطی امریکا سے میکسیکو، پاناما اور کوسٹا ریکا تین ٹیموں نے کوالیفائی کیا۔ جنوبی امریکا سے برازیل، یوروگوائے، ارجنٹائن اور کولمبیا نے کوالیفائی کر لیا ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم بھی ہونڈراس کے خلاف فتح کے بعد مسلسل چوتھی اور مجموعی طور پر پانچویں مرتبہ میگا ایونٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔

اب کریملن میں یکم دسمبر کو قرعہ اندازی کے ذریعے ورلڈ کپ کے لیے گروپ تشکیل دیے جائیں گے۔

تازہ ترین