• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عطیہ جمع کرنے کیلئے حکومتی اجازت لینا ہوگی،فنڈز ایکٹ کامسودہ تیار

Funds Act Draft Completed Present In Sindh Assembly Soon

پنجاب کی طرح سندھ میں عطیات کی وصولی کو ایک نظام کے تحت لانے کیلئے چیری ٹیبل فنڈز ایکٹ 2018 تیار کرلیا گیا ہے، جسے جلد منظوری کے لیے سندھ اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

سی ٹی ڈی سندھ کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی ثنااللہ عباسی کے مطابق مجوزہ بل کی منظوری کے بعد متعلقہ اداروں یا شخصیات کو چندے اور عطیات کی وصولی کیلئے حکومت سندھ کی منظورکردہ اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔

سرکاری اتھارٹی کے سرٹیفکیٹ کے بغیر عطیات وصول کرنے پر پابندی ہوگی، چیری ٹیبل فنڈز ایکٹ کے خاص نکات کے مطابق عطیہ لینے والے فلاحی اداروں، این جی اوز، تنظیموں اور شخصیات کو واضح کرنا ہو گا کہ جمع کیے گئے فنڈز کس مقصد کیلئے استعمال ہونگے۔

سندھ حکومت کی منظور کردہ کمیٹی کوکسی شکایت یا وجوہ کی بنیاد پر اکائونٹ کا آڈٹ کرنے یا دوبارہ آڈٹ کرانے کااختیار ہوگا۔

عطیہ جمع کئے جانے والے ریکارڈ کو بد نیتی سے مسخ کرنے،دھوکہ دہی سے رد بدل کرنے ،اس ریکارڈ کو تبدیل کرنے ،مٹانے،چھپانے کے عمل کو اس قانون کی خلاف ورزی قرار دیا جائےگا اوراس پر قانون کا اطلاق ہوگا۔

ایڈیشنل آئی سی ٹی ڈی کے مطابق مجاز اتھارٹی کو بتائے گئے مقصد سے ہٹ کر عطیات ،چندہ یا فنڈز استعمال ہوئے تو ایسا کرنے والا سزا کا مستحق ٹھہرے گا، ایکٹ کے نکات کے مطابق اتھارٹی کی اجازت کے بغیر اخبارات، الیکٹرانک میڈیا یا سوشل میڈیا پر چندے عطیے کی اپیل نہیں کی جاسکے گی۔

چیری ٹیبل فنڈز ایکٹ 2018 کی خلاف ورزی پر دو سال قید اور جرمانے یا دونوں سزا ئیں دی جاسکیں گی۔ اتھارٹی فنڈز ایکٹ کے تحت عطیات دہشتگردی یا اسے فروغ دینے کیلئے استعمال ہوئے تو انسداد دہشتگردی قانون 1997 کا اطلاق ہوگا۔

چیری ٹیبل فنڈز (ریگولیشن آف کلیکشن) ایکٹ 2018 فوری طور پر اور پورے سندھ پر لاگو ہوگا۔ ذاتی حیثیت میں ایک فرد یا افراد کے دوسرے فرد یا افراد کی مدد کیلئے دیئے گئے عطیے پر ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی نے جنگ کو بتایا کہ اوقاف کے تحت چلنے والی مساجد، خانقاہوں، درگاہ یا مزارات پر رکھے چندہ باکسز پر ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں اس طرح کا بل اسمبلی سے پاس ہونے کے بعد لاگو کیا جا چکا ہے۔

تازہ ترین