بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار کے ساتھ 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چاندنی چوک ٹو چائنہ‘ کو کیریئر کی بدترین فلم قرار دیا ہے۔
دیپکا پڈوکون نے کیریئر کا آغاز 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے کیا اور پہلی ہی فلم سے شہرت حاصل کی۔
ڈمپل گرل اب تک کئی بلاک بسٹر فلموں میں کام کر چکی ہیں۔
اس وقت یہ بالی وڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں جنہیں حال ہی میں فلم ’پدماوت‘ کے لیے 60 دن کی شوٹنگ کا معاوضہ 13 کروڑ روپے ادا کیا گیا۔
دپیکا کے کیریئر میں کئی کامیاب فلموں کے ساتھ ساتھ چند ناکام فلمیں بھی ہیں لیکن انہیں کیریئر کی سب سے بدترین فلم اکشے کمار کے مدمقابل کردار والی فلم لگتی ہے۔
2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چاندنی چوک ٹو چائنہ‘ میں اکشے کمار اور دیپکا پڈوکون نے مرکزی کردار کیا تھا لیکن یہ فلم باکس آفس پر بھی بری طرح فلاپ ہوئی جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ دیپکا پڈوکون کا اس فلم میں ڈبل رول تھا۔
دپیکا پڈوکون اور اکشے کمار اب تک 3 فلموں ’چاندی چوک ٹو چائنہ‘، ’ہاؤس فل‘ اور ’ دیسی بوائز‘ میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔