• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہبازشریف دیگر وزرائے اعلیٰ کیلئے رول ماڈل ہیں،ڈاکٹر عشرت

Shahbaz Sharif Is The Role Model For The Other Ministers Dr Ishrat

سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا ہے کہ شہبازشریف دیگر وزرائے اعلیٰ کے لئے رول ماڈل بن کر ابھرے ہیں،ان کی پرفارمنس کے سبب 2013ء میں ن لیگ کامیاب ہوئی۔

اپنی نئی کتاب میں ڈاکٹر عشرت حسین نے تجزیہ پیش کیا کہ شہبازشریف نے متعدد شعبوں میں اصلاحات کیں،کاروباری اداروں کی طرح پبلک سیکٹر میں جدت لے کر آئے۔

ان کا کہناتھاکہ 2013ء کے جنرل الیکشن میں ن لیگ کی کامیابی میں بڑا کردار شہباز شریف کی نسبتا بہتر پرفارمنس کی مرہون منت ہے، جو انہوں نے 2008ء سے 2013ء کے دوران دی ۔

سابق گورنراسٹیٹ بینک نےمزید کہا کہ شہبازشریف عوامی خدمات، تعلیم،صحت، سڑکوں، انفرا اسٹرکچر ، پبلک ٹرانسپورٹ ، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اور حالیہ سالوں میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات لے کر آئے۔

ڈاکٹر عشرت حسین نے یہ بھی کہا کہ شہبازشریف نے ریکارڈ مدت میں توانائی کے منصوبے تعمیر کئے جنہیں چین اور ترکی کے لیڈرز نے سراہا ہے۔

ان کا کہناتھاکہ شہبازشریف کے دور میں اربوں ڈالرز کی مالیت کے معاہدوں میں کرپشن کی انتہائی کم رپورٹس سامنے آئیں ، منصوبوں کو مکمل کرنے میں شہباز شریف ثابت قدم دکھائی دیئے ، اگرچہ ان کا انداز قیادت اداروں کو منظم کرنے سے زيادہ انفرادی شخصیت کو ابھارنے کا ہے۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس میں گڈ گورننس کے عناصر شامل کیے ، کارپوریشنز کے سیکریٹریز اور سربراہوں کا چناؤ ان کی ماضی کی پرفارمنس اور ساکھ کی بنیاد پر کیا گیا او رجہاں بھی توقعات سے کم پرفارمنس دکھائی دی انہیں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے تبدیل کردیاگیا۔

ڈاکٹر عشرت حسین نے مزید کہا کہ اساتذہ کی تعیناتی مکمل میرٹ پر کی گئی ، شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گيا ، اور اس پر شہریوں کا فیڈ بیک لیاگیا شہباز شریف پرائیویٹ کاروباری اداروں کی طرح پبلک سیکٹر میں جدت لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی فیصلہ سازی اور تجزیوں میں ان کے وزرا ، سیاسی اتحادیوں اور سپورٹرز کا زیادہ عمل دخل نہیں ہے۔

سابق گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلی کے لیے رول ماڈل بن کر ابھرے ، کئی حوالوں سے پنجاب حکومت کی پرفارمنس دوسرے صوبوں سے بہت آگے ہے ، جو مضبوط لیڈرشپ کی مثال ہوسکتی ہے ، لیکن اسے برقرار رکھنا اسی وقت ممکن ہوگا جب اداروں کے انفرااسٹرکچر مضبوط ہوں گے۔

تازہ ترین