• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کی سیشن کورٹ میں فائرنگ، دو وکیل جاں بحق

A Lawyer Was Killed In Lahore Session Court

لاہور کی سیشن کورٹ میں آج پھر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو وکلا جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج عبدالرحمان توقیر کی عدالت کے باہر کاشف راجپوت نامی وکیل نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وکیل رانا اشتیاق موقع پر جاں بحق اور ایک وکیل اویس زخمی ہوگیا۔

زخمی وکیل کو طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی  تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

فائرنگ کرنے والا کاشف راجپوت اور جاں بحق وکیل رانا اشتیاق آپس میں کزن ہیں اور ان کا کوئی جھگڑا چل رہا تھا۔پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کاشف کو گرفتار کرلیا ہے۔

ادھروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سیشن کورٹ میں فائرنگ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

دوسری جانب چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس محمدیاورعلی نےسیکورٹی اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس سیشن کورٹ میں فائرنگ واقعےکاجائزہ لینے کےلئے بلایا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب،سی سی پی اولاہور سیشن کورٹ واقعے کی رپورٹ پیش کریں گے، پنجاب بارکونسل کےوائس چیئرمین اورپاکستان بارکونسل کےنمائندے شرکت کریں گے۔

اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ بار اور لاہور بار کے صدور بھی شرکت کریں گے۔

اس سےپہلے31جنوری2018ء کو بھی سیشن کورٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا،جس میں قتل کیس میں گرفتار ملزم ملک امجد خان اور اس کی ہتھکڑی پکڑنےوالاپولیس اہلکارآصف مارے گئےتھےجبکہ مقتول ملک امجد کا ساتھی احسن زخمی ہو گیاتھا،سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی نےواقعے کے بعد تحقیقات کاحکم دیاتھا کہ ملزم سخت سیکیورٹی کے باوجوداحاطہ عدالت میں اسلحہ لانے میں کامیاب ہو گیا۔

اس سے پہلےیکم نومبر2016ءکوملک وال کی عدالت میں فائرنگ سےابرار نامی نوجوا ن قتل ،اور3 افراد زخمی ہو گئےتھے،24جنوری 2017ءکواوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کی عدالت میں فائرنگ سے2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئےتھے۔19جولائی 2017ء کوتحصیل کچہری گوجر خان میں فائرنگ سےقتل کے الزام میں گرفتار2بھائی ہلاک ہو گئےتھے،جبکہ 20دسمبر2017ء کو شیخوپورہ کی عدالت میں فائرنگ سےبھی 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیاتھا۔

تازہ ترین