• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان کو اپنی غلطیوں کی ذمہ داری لینی چاہیے، ریحام خان

Human Should Take Responsibility For Mistakes Reham Khan

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے مخالفین کے ریحام خان کو استعمال کرنے کے بیان پر عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ انسان کو اپنی غلطیوں کی ذمہ داری لینی چاہیے اور اپنی کوتاہیوں کا الزام کسی دوسرے پر لگا دینا بہت آسان ہے، پاکستان میں ان کے لیے حالات ایسے بنا دیئے گئے جس کی وجہ سے وہ اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئیں۔

لندن میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ کیا مجھے نواز شریف نے کہا کہ میں عمران خان سے شادی کروں، کیا نواز شریف نے طلاق کرائی ہے، یہ کہنا کہ مجھے کوئی استعمال کرسکتا ہے، میری تضحیک ہے، حقیقت یہ ہے کہ مجھ پر استعمال ہونے کا الزام لگانے والے نے خود مجھے بُری طرح استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اتنے عرصے میرے بارے میں جو کچھ کہا گیا، لکھا گیا، اس کے بارے میں زیادہ حساس نہیں رہی لیکن بہرحال میں بھی ایک انسان ہوں، لوگ سمجھتے نہیں ہیں کہ ماضی کی یادوں کو کریدنا کتنا تکلیف دہ ہوتا ہے، میں بھی آگے دیکھنا چاہتی تھی اور میرے لیے پیچھے دیکھنا بڑا مشکل تھا، لیکن یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں نے جو چیزیں دیکھیں ہیں انھیں سچائی کے ساتھ بتاؤں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ میں سیاست میں آؤں لیکن پاکستان میں رکن اسمبلی بننے کے لیے جتنی رقم چاہیے وہ حلال کمائی سے نہیں آسکتی تاہم ایسا سیاسی کردار ادا کرنا چاہتی ہوں جس میں نئے ابھرنے والے سیاستدانوں کی تربیت کر سکوں تاکہ وہ اچھے سیاست دان بن سکیں۔

تازہ ترین