• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سمیت دنیا بھر میں رانا ثناء اللّٰہ کی ہیروئن کیس میں گرفتاری پر احتجاج اور حیرانگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

جاپان میں سیاسی ،کاروباری اور سماجی تنظیموں نے رانا ثناء اللّٰہ پر ہیروئن کیس میں گرفتاری پر اپنے شدید رنج و غم اور احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ خان اپنے علاقے میں نوجوانوں کو سگریٹ پیتا نہیں دیکھ سکتے تھے تو وہ پھر کس طرح ہیروئن جیسی لعنت کی خرید و فروخت کرسکتے ہیں۔

عابد حسین نے کہا کہ رانا ثناءاللّٰہ کی گرفتاری حکومت کی انتقامی کارروائی تو ہوسکتی ہے لیکن حقیقت نہیں ، اُنہوں نے سوال کیا کہ جب پوری ریاستی ایجنسیاں ایک آدمی کے پیچھے لگی ہوں ،ان کی گرفتاری کی منصوبہ بندی کی جارہی ہو ، ان پر پل پل نظر رکھی جارہی ہو تو کیا کوئی شخص اپنی گاڑی میں 15 کلو ہیروئن رکھ کر موٹر وے سے لاہور کا سفر کرسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللّٰہ کی گرفتاری کے بعد اُن کی قدر و قیمت عوام میں مزید بڑھ گئی ہے۔

رانا عابد حسین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کو جیل میں تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں ورنہ دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوگی جبکہ رانا ثناء کو مضحکہ خیز طریقے سے گرفتار کرنے پر حکومت کی دنیا بھر میں بدنامی ہو چکی ہے۔

اس سے قبل ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے بھی رانا ثنا ء اللّٰہ کی گرفتاری اور ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف سمیت پوری قیادت کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر سفارتخانہ پاکستان کے سامنے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے ،جبکہ سینئر ن لیگی رہنما اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی نے بھی رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کو بھونڈا مذاق قرار دیا ہے۔

تازہ ترین