• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب اختر نے سرفراز کے متبادل کا نام بتا دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق تیز رفتاربولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز احمد کو ٹیم کی قیادت سے ہٹایا جائے اور ان کی جگہ حارث سہیل کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کی قیادت دی جائے جبکہ بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا جائے۔

ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی کارکر دگی سے ناخوش شعیب اختر کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو کپتانی جاری نہیں رکھنی چاہیےانہیں بطور وکٹ کیپر اور بیٹسمین ٹیم کا حصہ بنایا جائے۔

سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں کپتان سرفراز احمد نے خاص پرفارمنس نہیں دی، ان کی قیادت میں پاکستان ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے سے ناکام رہا لہٰذا اس ساری صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سرفراز احمد سے ٹیم کی قیادت واپس لے لینا ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے بہتر ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ’میں بابر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں کیونکہ انہوں نے بہت رنز بنائے اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا۔‘

اس سے قبل بھی شعیب اختر نے ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد اپنے یو ٹیوب چینل کی ویڈیو میں سرفراز احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ’سرفراز ایک برین لیس کپتان ہے۔‘

یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث سرفراز احمد کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ سے رپورٹ طلب کی،آئندہ چند دنوں میں کوچ سمیت دیگر عہدوں کے حوالے سے اہم فیصلے ہونے ہیں۔

پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی 2 اگست کو لاہور میں سر جوڑ کر بیٹھے گی اور سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بھجوائے گی۔

تازہ ترین