• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر کی طرح جاپان میں بھی عاشورہ کی تقاریب مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد کی گئیں جس میں خراب موسم کے باوجود بڑی تعداد میں عاشقان حسینؓ نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور نواسہ رسول ﷺ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

عاشورہ کے حوالے سے اہم تقریب جامع مسجد المصطفیٰ باندو شی اباراکی کین میں منعقد ہوئی جس میں جاپان کے دور دراز علاقوں سے عاشقان رسول ﷺ اور حسینؓ نے شرکت کی، اس موقع پر شرکاء نے امام حسین ؓکی قربانی کو حق اور سچ کے لیے ڈٹ جانے والے اور باطل کے آگے سینہ سپر ہونے والے نواسہ رسول ﷺکی ایسی قربانی قرار دیا جس پر قیامت تک انسانیت فخر کرسکے گی۔

اس موقع پر جامع مسجد المصطفیٰ کے منتظم الحاج انعام الحق نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے چاہے باطلوں کی پوری فوج حق پر موجود چند درجن مومنین کے سامنے سینہ سپر ہو لیکن حق پر رہنے والے رہتی دنیا تک رہ جاتے ہیں اور باطلوں کا نام بھی باقی نہیں رہتا ہے۔

اس موقع پر سینئر ن لیگی رہنما رانا ابرار حسین نے کہا کہ امام حسینؓ کا فلسفہ شہادت حق اور سچ کا وہ فلسفہ ہے جس کا سبق نبی اکرم ﷺ کے نواسہ حضرت امام حسین رضہ اللّٰہ عنہ جیسی شخصیت کے علاوہ کوئی دوسرا نہیں پڑھا سکتا تھا۔

رانا ابرار حسین نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کو حق اور سچ کے لیے جان و مال لٹا دینے کے سبق کو دہرانے کی ضرورت ہے جس کا فائدہ انسانیت اور خاص طور پر کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو ہوسکتا ہے۔

تقریب کے آخر میں سینئر پاکستانی راشد صمد خان کی مرحومہ اہلیہ اور سینئر پاکستانی جاوید نیازی اور حنیف نیازی کی بھابھی اور بھتیجے کی ناگہانی وفات پر ان کی مغفرت کے لیے بھی خصوصی دعائیں گی گئیں۔

دریں اثناء ٹوکیو میں شہید کربلا حضرت امام حسین رضہ اللّٰہ عنہ کی یاد میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک راشد اعوان سمیت دیگر علماء نے خصوصی خطاب کیا اور واقعہ کربلا اور معصومین کی شہادت پر خصوصی روشنی ڈالی ۔

تازہ ترین