• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوقیہ کانچ کھانے والے بھارتی وکیل کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں وہ مزے سے کانچ کھاتا نظر آرہا ہے۔

40 سال سے کانچ کھانے والا بھارتی وکیل


بھارت میں مدھیہ پردیش کے گاؤں ڈونگری سے تعلق رکھنے والے دایارام ساہو کی کانچ کھانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

دیارام ساہو پیشے سے وکیل ہے، اُس کے مطابق وہ پچھلے 40 سال سےکانچ سے بنی اشیا جن میں  شراب کی خالی بوتلیں، بلب اور دیگر چیزیں کھاتا ہے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دایارام ساہو نے بتایا کہ ’مجھے بچپن سے ہی شوق تھا کہ میں ایسا کُچھ کروں جو ذرا ہٹ کے ہو، لہٰذا اپنے اِسی شوق کی خاطر میں نے کانچ کھانا شروع کیا، جب پہلی بار میں نے کانچ کھایا تو مجھے اِس کا ذائقہ بہت عُمدہ لگا۔‘

دایارام ساہو نے کہا کہ’جب علاقے کے لوگوں کو معلوم ہوا کہ میں کانچ کے ٹکڑے کھاتا ہوں تو وہ سب چونک گئے، لہٰذا شہرت اور دِکھاوے کی خاطر میں نے یہ حیران کُن حرکت جاری رکھی اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ میری عادت بن گئی اور اب میں مزے سے کانچ کھاتا ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جیسے لوگ سگریٹ اور شراب کا نشہ کرتے ہیں اور جب تک وہ اپنا نشہ نہیں لیتے تو اُن کو بے چینی رہتی ہے، اِسی طرح میرا بھی یہ نشہ ہے۔ میں جب تک کانچ نہیں کھاتا ہوں تو مجھے سکون نہیں مِلتا ہے۔‘

وکیل دایارام ساہو نے کانچ کھانے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بتایا کہ ’اِس عجیب عادت سے میرے دانتوں کو نقصان پہنچا ہے۔‘

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ’ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر میں نے کانچ کا بڑا ٹُکڑا کھایا تو اُس سے میری آنتوں کو نقصان پہنچے گا اِس لیے میں زیادہ بڑے ٹُکڑے کھانے سے گُریز کرتا ہوں، میں باقی لوگوں کو کانچ کھانے کا مشورہ نہیں دوں گا کیونکہ یہ صحت کے لیے مضر ہے۔‘

دوسری جانب ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ’لوگوں کو کانچ نہیں کھانا چاہیے کیونکہ کانچ ہضم نہیں ہوتا ہے اور اِس سے جسم کے اندرونی حصوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔‘

تازہ ترین