• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیو اسمتھ 3 سال بعد صفر پر آؤٹ


آسٹریلیا کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ کے عالمی نمبر ایک بیٹسمین اسٹیو اسمتھ گزشتہ 3 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوگئے۔

اس مرتبہ یہ منفرد ناکامی ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں بطور بیٹسمین رہی جس کے بارے میں کرکٹ آسٹریلیا نے ٹوئٹ بھی کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ایک ویڈیو شائع کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیو ساؤتھ ویلز کی نمائندگی کرتے ہوئے کوئنزلینڈ کے بولر کیمرون گینن نے انہیں آؤٹ کردیا۔

اس ٹوئٹ میں انہوں لکھا کہ اسمتھ بالآخر ایک انسان ہی ہیں جو گابا کے میدان میں آسٹریلین فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ شیفلڈ شیلڈ کے ایک میچ میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

نومبر 2016 کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں اسٹیو اسمتھ پہلی مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ نومبر 2016 میں پرتھ کے مقام پر جنوبی افریقا کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اسٹیو اسمتھ اسپنر کیشو مہاراج کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے۔

مذکورہ میچ میں جنوبی افریقا نے 177 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی بھی حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ رواں برس اسٹیو اسمتھ نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں 774 رنز اسکور کرکے نمایاں بیٹسمین رہے۔

اس سیریز کے دوران اسٹیو اسمتھ نے 2 سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری بھی اسکور کی تھی۔

یہ سیریز برابری پر ختم ہوئی تاہم گزشتہ ایشز جیتنے کی وجہ سے یہ ٹرافی آسٹریلیا کے ہی پاس رہی۔ 

تازہ ترین