• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ڈینگی سے 20 سالہ لڑکی انتقال کر گئی


کراچی میں ڈینگی کے وائرس سے متاثرہ نارتھ کراچی کی رہائشی 20 سالہ لڑکی انتقال کر گئی۔

محکمۂ صحت کے ذرائع کے مطابق انتقال کر جانے والی لڑکی کو گزشتہ ہفتے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد کراچی میں رواں سال ڈینگی سے ہلاک افراد کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی سے متاثرین کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: جاپانی کمپنی پاکستان میں ڈینگی اسپرے کرے گی

دوسری جانب پنجاب میں ڈینگی کے مرض کی صورتِ حال تاحال کنٹرول میں نہیں آسکی، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 178 نئے مریض سامنے آ گئے، اس وقت مختلف اسپتالوں میں ڈینگی کے 374 مریض زیرِ علاج ہیں۔

محکمۂ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کے 146 اور لاہور میں 19 مریض سامنے آئے ہیں، پنجاب میں زیرِ علاج مریضوں میں سے 9 انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔

پنجاب میں ڈینگی سے اب تک 10 ہلاکتیں ہو چکی ہیں، جبکہ ڈینگی کا لاروا تلف کرنے کے لیے پنجاب بھر میں اِن ڈور اور آؤٹ ڈور کارروائیاں جاری ہیں۔

1776 مقامات سے لاروے تلف کیے گئے، جبکہ غفلت برتنے پر 140 مقدمات درج کیے گئے اور 26 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

ادھر فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ میں ڈینگی وائرس کا ایک اور مریض رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد کوئٹہ میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈینگی کے وائرس سے متاثرہ مریض کو ضلع ژوب سے کوئٹہ لایا گیا ہے، جس کے بعد اس اسپتال میں ڈینگی کے زیرِ علاج مریضوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے اور اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں مریضوں کا علاج جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ملک میں ڈینگی کے 50 ہزار مریض، 250 جاں بحق

رواں ماہ کوئٹہ میں اب تک ڈینگی کے 13 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، ڈینگی کے شکار 9 مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

فاطمہ جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں ڈینگی وائرس کے علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات موجود ہیں اور مریضوں کو مطلوبہ طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔

تازہ ترین