• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مصباح کے ساتھ بھی جلد سرفراز والا معاملہ ہو گا‘

عاقب جاوید کی جیو نیوز سے گفتگو


سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کے ساتھ بھی جلد سرفراز احمد والا معاملہ ہو گا ۔

جیو نیوز سے گفتگو میں عاقب جاوید نے کہا کہ پہلے سرفراز احمد پر اعتماد کا اظہا ر کیا جاتا ہے اور انہیں تینوں فارمیٹ کا کپتان مقرر کیا جاتا ہے لیکن سیریز کی تنقید پر سب کچھ تبدیل کرد یا جاتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ نے مصباح الحق کو بھی با اختیار کیا ہے لیکن ایک شخص کو بہت زیادہ اختیارات دیں گے تو پھر جب بہت زیادہ تنقید ہو گی تو فیصلے اسی تیزی سے تبدیل ہوں گے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ مصباح الحق کے ساتھ جلد ہی سرفراز احمد والا معاملہ ہو گا ۔"

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ سرفراز احمد نے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو ورلڈ نمبر ون ٹیم بنایا ، اس کے علاوہ سرفراز احمد سے کیا توقع کیا جا سکتی ہے ۔

‏عاقب جاوید نے منیجنگ ڈائریکٹر پی سی بی وسیم خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ "وسیم خان کے اپنے فیصلے کہاں ہیں ، وہ انگلینڈ سے آئے ہیں اور انہوں نے سب کچھ مصباح الحق کو تھما دیا ہے ۔ اگر مصباح الحق کو ہی سب کچھ تھمانا تھا تو یہ کام انگلینڈ میں بیٹھ کر فون کر کے ہی کر لیتے ۔ "

‏دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب ہونے والی ٹیم کے حوالے سے عاقب جاوید نے کہا کہ محمد عرفان آج اچھا ہے تو پھر اس کے 4 سال کیوں ضائع کیے گئے ،محمد عرفان کو تینوں فارمیٹ میں کھلا کر اسے تروڑ مروڑ دیا گیا اور اب پھر واپس بلا لیا ۔ "

عاقب جاوید نے مز ید کہا کہ عمران خان سینئر کی ٹیم میں شمولیت کو سمجھ سے بالاتر قرار دیا اور کہا کہ عمران خان سینئر کی پرفارمنس ہے اور نہ ہی پوٹینشل ہے ۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا میں بیٹسمینوں کو مشکل پیش آتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں بالروں کو وہاں کی کنڈیشنز کی وجہ سے زیادہ مشکل پیش آتی ہے ،سب نے محمد آصف کا آسٹریلیا میں حشر دیکھا ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا ہوم سیریز میں موقع دیتی ہے پاکستان میں سیدھا آسٹریلیا لے جایا جا رہا ہے ۔

تازہ ترین