• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹائیفائڈ میں کونسی غذاؤں کا انتخاب کرنا چاہیے؟

ٹائیفائڈ ایک خطرناک بُخار ہے جو آلودہ خوراک اور پانی کے ذریعے  ایک شخص سے دوسرے شخص میں پھیلتا ہے۔

  اِس بُخار کے زیادہ کیسز شہری علاقوں میں دیکھنے کو ملتے ہیں کیونکہ شہری باہر کا کھانا کھاتے ہیں۔

ٹائیفائڈ سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ گھر کا سادہ اور کم مرچوں والا کھانا کھایا جائے تاہم ٹائیفائڈ بُخار میں مبتلا مریضوں کو مندرجہ ذیل غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیے۔

ٹائیفائڈ میں لینے والی غذائیں:

سادہ اور گھر کا کھانا:

ٹائیفائڈ کے مریضوں کو چاہیے کہ اگر وہ جلدی  اس بخارسے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو باہر کے کھانوں سے پرہیز کریں، اِس کے علاوہ مصالحے دار کھانوں اور زیادہ تیل والے کھانوں سے بھی گُریز کریں۔

ٹائیفائڈ کے مریضوں کو چاہیے کہ گھر کا سادہ کھانا کھائیں، کوشش کریں کہ سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں اور کھانا کم تیل میں اور کم مرچوں میں پکائیں۔

مشروبات:

ٹائیفائد کے مریضوں میں پانی کی کمی ہوجاتی ہے لیکن پانی کی کمی کو پُورا کرنے کے لیے یہ ضروری نہیں ہے کہ وہ صرف پانی کے ذریعے ہی اِس کمی کو پُورا کریں بلکہ اُن کو چاہیے کہ روزانہ لیموں پانی، ناریل پانی، لسّی اور دیگر ایسی مشروبات کا استعمال کریں جس سے جلد از جلد پانی کی کمی پُوری ہوجائے، اِس سے مریض بہتر محسوس کرے گا اور بُخار کی شدت میں بھی کمی آئے گی۔

پروٹین:

ٹائیفائڈ کی وجہ سے مریض کے جوڑوں میں بہت درد ہوتا ہے اور وہ خود کو بہت کمزور محسوس کرتا ہے، ٹائیفائڈ کے مریضوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی غذا میں پروٹین کا استعمال کریں۔

ٹائیفائڈ کے مریض روزانہ ایسی خوراک لیں جس میں زیادہ سے زیادہ پروٹین شامل ہو، ٹائیفائڈ میں جو پروٹین والی غذائیں لی جاسکتی ہیں، اُن میں دہی، دالیں، دودھ، میوے اور مچھلی شامل ہیں جبکہ گوشت اور چکن کھانے سے گُریز کیا جائے کیونکہ اِن میں پروٹین تو شامل ہوتا ہے لیکن یہ ٹائیفائڈ کے مریض ہضم نہیں کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین