• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ تصوّر عام ہے کہ دوپہر میں کھانا کھانےسے نیند آتی ہے، ایسا ہرگز نہیں۔آسٹریلوی ماہرین کے مطابق’’دوپہر کے کھانے کا نیند سے کوئی تعلق نہیں،چاہےکچھ کھایا ہو یا نہیں، ہمارا دماغ دوبجے کے لگ بھگ خود بخود انتہائی سُست پڑجاتا ہے اورآرام کرنا چاہتا ہے۔‘‘اگر آپ بھی اس غلط فہمی کا شکارہیں، تواسے دُور کرکے دوپہر کا کھانا ضرور کھائیں۔اور لیجیے،اس اتوارکے ظہرانے کے لیےسبزی ، گوشت کی چند سادہ سی تراکیب ہماری طرف سے پیشِ خدمت ہیں۔

سوہانجنا کی پھلی

اجزاء:پھلیاں15یا20عدد، پیاز(باریک کاٹ لیں)دو عدد،چنے کی دال(اُبال لیں)ایک پائو، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، سفید زیرہ(بھون لیں)آدھا کھانے کا چمچ، کھوپرا پائوڈر چار چائے کے چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ ،ہری مرچیںدس عدد، ہرا دھنیا ایک گڈی اور تیل ایک کپ۔

بگھار کے لیے:ثابت مرچ،کڑی پتا حسبِ ضرورت اور رائی آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب:پھلیاں چُھری سے کھرچ کر صاف کرلیں اور ڈھائی انچ کے ٹکڑوں میں کاٹ کر پانی میں بھگو دیں۔ہری مرچیں، ہرا دھنیا، سفید زیرہ، لہسن،ادرک کا پیسٹ، کھوپرا پائوڈر اورہلدی گرائنڈر میں پیس لیں۔ اب ایک پتیلی میںچار گلاس پانی اور تھوڑا سا نمک ڈال کر چولھے پر رکھ دیں۔پانی گرم ہوجائےتو پھلیاں ڈال کر اُبال لیں،لیکن زیادہ گلنے نہ دیں ۔

اب پھلیاں چھان کر ایک طرف رکھ دیں۔ دوسری پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کریں اور پسا ہوا مسالا ڈال کر بھون لیں۔مسالے کا پانی خشک ہونے پر اُبلی ہوئی پھلیاں اور دال شامل کردیں۔ دو منٹ بھوننے کے بعد ایک کپ پانی ڈال کر پکنے دیں۔جب پھلیاں اور دال گل جائیں،تو پین میں تیل گرم کرکے رائی، ثابت لال مرچ اور کڑی پتا ڈال کر کڑکڑا کر بگھار لگا دیں۔ دال، چاول کے ساتھ یہ پھلیاں بہت لطف دیتی ہیں۔

بینگن اچار

اجزاء: بینگن (لمبائی میں کاٹ لیں) آدھا کلو، ہری مرچیں (باریک کاٹ لیں)چار سے چھے عدد، ٹماٹر (درمیانے باریک کاٹ لیں) دو عدد، کڑی پتّا چند پتے، تیل آدھی پیالی اور آم کااچار چار کھانے کے چمچ۔

ترکیب: ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے بینگن فرائی کرلیں۔ پھرتمام اجزاء ڈال کر ہلکی آنچ پر ڈھکن ڈھک کر رکھ دیں۔ پانی خشک ہوجائے، تو ہلکا سا بھون کرچولھا بند کردیں۔ مزے دارربینگن اچارتیار ہے۔

(شاہین ولی شاد،ملیر،کراچی)

نمکین گوشت

اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو، ٹماٹر دو عدد، نمک حسبِ ضرورت، ادرک (باریک کاٹ لیں) حسبِ ضرورت، ہری مرچیں (کُوٹ لیں) چار سے پانچ عدد، کالی مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ اورتیل آدھا کپ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں گوشت ، نمک، کالی مرچ اور چھےکپ پانی ڈال کرہلکی آنچ پر گوشت گل جانے تک پکائیں۔ جب گوشت گل جائے اور پانی بھی بالکل خشک ہوجائے، تو تیل ڈال کر فرائی کرلیں اور ساتھ ہی ہری مرچیں بھی شامل کردیں۔آخر میں ادرک ڈال کر دَم دے دیں۔لیجیے، مزے دار نمکین گوشت تیار ہے۔

فرائی چانپ

اجزاء: چانپیں(بکرے کی) ایک کلو، ہری مرچیں چھے عدد، انڈے(پھینٹ لیں) دوعدد، سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،ہرا دھنیا، پودینا آدھی آدھی گڈی اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب:ایک دیگچی میں پانی ڈال کر اس میں چانپیں ، نمک، لال مرچ، سفید زیرہ اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر گلنے کےلیے رکھ دیں، جب چانپیں گل جائیں،تو اس میں ہرا دھنیا، پودینا اورہری مرچیں پیس کر شامل کردیں۔ پانی بالکل خشک ہوجائے، تو چولھا بند کردیں۔اب تیل گرم کرکے چانپیں انڈے میں ڈبوکر فرائی کرلیں۔ سلاد اورتلے ہوئے آلو کے ٹکڑوں کے ساتھ پیش کریں۔

(حنا کامران،کراچی)

تازہ ترین