• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کے اچھے گریڈز نہ آنے کی وجہ سامنے آگئی

بچوں کے اچھے گریڈز نہ آنے کی وجہ سامنے آگئی


بچوں کی بہتر تعلیم ہر والدین کا نہ صرف بنیادی حق بلکہ ان کی سب سے بڑی خواہش بھی ہوتی ہے، لیکن تمام تر محنت کے باوجود طلبہ کے اچھے گریڈز نہ آنا ان کے لیے درد سر رہتا ہے۔

یونیورسٹی آف لیڈز کے محققین نے کچھ بچوں پر ریسرچ کی اور اس بات کا پتہ لگایا کہ آخر ان بچوں کے گریڈز میں مسلسل کمی کی اصل وجہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب طلبہ صبح ناشتہ کیے بغیر ہی اسکول چلے جاتے ہیں تو ان کی صلاحیتیں مانند پڑنے کا خدشہ ہوتا ہے جس سے ان کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

ریسرچر ڈاکٹر کیٹی ایڈولفس نے بتایا کہ ناشتہ نہ کرکے جانے سے سب سے زیادہ نقصان سیکنڈری اسکول کے طالب علموں کو ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنے دماغ کو توانائی فراہم نہیں کرپاتے ہیں۔

تحقیق دانوں نے یہ ریسرچ برطانیہ میں 3 سو اسکولوں اور کالجز کے طلبہ پر  کی۔

ڈاکٹر کیٹی ایڈولفس کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں بچوں کے اندر کھانے کی قلت بہت زیادہ پیدا ہوگئی ہے، تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ غذا کی قلت یا بھوکا اسکول جانا ہی بچوں کے خراب نتائج کا سبب بنتے ہیں۔

محقیقن کا کہنا ہے کہ 30 فیصد بچے ایسے ہیں جو کبھی ناشتہ کرکے اسکول نہیں جاتے یا پھر کبھی کبھار ناشتہ کر لیتے ہیں، جبکہ 20 فیصد ایسے ہیں جو کبھی کبھی ناشتہ کرتے ہیں۔

محقیقین نے جب ان کے گریڈز کے ساتھ ان کے ناشتے کرنے یا نہ کرنے کی عادت کا موازنہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ ایسے بچے جو کچھ کھائے پیے بغیر ہی درسگاہوں کی جانب بڑھ جاتے ہیں ان کے گریڈز نہ صرف کم بلکہ دیگر طلبہ سے اوسطاً 10 نمبر کم آتےہیں۔

میجک بریک فاسٹ کے سی ای او ایلکس کننگھم کا کہنا تھا کہ تعلیم بچے کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے، لہٰذا اس بات کو یقین بنایا جائے کہ بچوں کے دن کے آغاز میں ان کی بہتر صحت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یونیورسٹی آف لیڈز کے محقیقن کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس اہم مسئلے کو اجاگر کیا اور اہم ان کے اس مشاہدے کو خوش آئند کہتے ہیں۔

تازہ ترین