• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر روحانی کے دورے کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی گئی،ایرانی سفیر

President Visisit Tried To Spoil Iran Ambassador To Pakistan Mehdi Honardoost
پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر نے صدر روحانی کے دورہ پاکستان کا ماحول خراب کرنے اور موقع کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، ایران کبھی اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر پاک ایران تعلقات سے خوش نہیں، جب بھی دونوں ملک قریب ہوتے ہیں، اسی قسم کا رد عمل ملتا ہے لیکن پاکستان اور ایران کی منزل، مفاد اور تشویش ایک ہے۔

پاکستانی حکام سے بات چیت میں فریقین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کچھ عناصر نے صدر روحانی کے دورے کے ماحول کو خراب کرنے اور اس موقع کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، پاکستان اور ایران کے درمیان سیکیورٹی معاملات پر کوئی اختلاف نہیں۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ شاید تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ایک بہت اچھے اور اعلیٰ سطح کے دورے میں ایشو کھڑا کیا گیا، اگر سیکیورٹی معاملات پر ایک اشارہ بھی ملے تو پاکستانی سیکیورٹی حکام ایرانی حکام کو آگاہ کریں، ان کے اچھے رابطے ہیں۔

یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی ایشو سیکیورٹی حکام تک پہنچنے سے قبل میڈیا میں چلا گیا ، اس پر ہمارے تحفظات ہیں، جو ہم نے پاکستانی بھائیوں تک پہنچائے ہیں، جب دونوں ممالک کے سیکیورٹی حکام بہت اچھے رابطے میں رہتے ہیں تو پھر یہ معاملہ میڈیا پر کیوں لایا گیا۔

ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ پاک ایران قیادت کی خواہش ہے کہ دوطرفہ تعلقات کو مکمل اور جامع انداز میں آگے بڑھنا چاہیے، را کے ایجنٹ کے معاملے کو ایران نے بالکل نظر انداز نہیں کیا، اس حوالے سے خبر سو فیصد جھوٹی تھی جس پر سخت تشویش ہوئی ، اس خبر کے غلط ہونے کی تمام پاکستانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے ،ایران پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے، کچھ ممالک کو دونوں کی قربت اور تعاون پسند نہیں، ہمیں میڈیا میں آنے الی افواہوں پر افسوس ہوا، ایران میں بھی یہ افسوس دیکھنے میں آیا۔ پاکستان کی سلامتی و استحکام ایران کی سلامتی و استحکام ہے، ہم ایک ہیں، اور ہمارے بیچ کوئی دوری نہیں۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کا دوسرا بڑا بنک کراچی میں اپنی شاخیں کھول رہا ہے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ سب سے بڑا اور اہم ہے ،ہم نے دو ارب ڈالرز کی لاگت سے اپنے حصے کی پائپ لائن تعمیر کر کے پاکستان کے دروازے تک پہنچا دی ہے، جو صرف ایک چٹکی میں پاکستان آ سکتی ہے،ہمیں اب پاکستان کی طرف سے گیس پائپ لائن کی تعمیر کا انتظار ہے۔

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ ایران اور یورپ کے درمیان اب کوئی رکاوٹ نہیں، البتہ امریکا کی طرف سے کچھ پابندیاں برقرار ہیں، ایران امریکا سے تعلقات میں بہتری کے حوالے سے کچھ زیادہ پر امید بھی نہیں۔
تازہ ترین