• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کا ہاتھ جوڑ کر مداحوں کو سلام


بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے آج صبح ممبئی کی آرتھر جیل سے باہر نکلتے وقت مداحوں کو ہاتھ جوڑ کر سلام کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان آج صبح اپنے بیٹے آریان خان سے ملنے کے لیے ممبئی کی آرتھر جیل پہنچے جوکہ گزشتہ 18 دنوں سے منشیات کیس میں زیرِ حراست ہیں۔

شاہ رخ خان خاموشی سے اندر گئے اور جب وہ ملاقات کے بعد باہر آئے تو جس چیز نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی وہ شاہ رخ خان کا جیل کے باہر جمع ہونے والے اپنے مداحوں کو سلام کرنے کا طریقہ تھا۔ 

بالی ووڈ اداکار نے عاجزی کے ساتھ اپنے مداحوں کا ہاتھ جوڑتے ہوئے اُن کی محبت کا شکریہ ادا کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔

ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی ہے اور اسی وجہ سے اب اُن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

گزشتہ روز ممبئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے بعد شاہ رخ خان نے آج صبح آرتھر روڈ جیل میں اپنے بیٹے سے ملاقات کی۔

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔

تازہ ترین