بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے آج صبح ممبئی کی آرتھر جیل میں اپنے بیٹے آریان خان سے ملاقات کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے آج صبح اپنے بیٹے آریان خان سے ملاقات کے لیے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل کا دورہ کیا، آریان کی ضمانت کی درخواست گزشتہ روز این ڈی پی ایس کی ایک خصوصی عدالت نے مسترد کردی تھی۔
این ڈی پی ایس کی خصوصی عدالت کی جانب سے درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد اب آریان خان کے وکیل ضمانت کے لیے ممبئی کی ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔
یہ پہلا موقع ہے جب شاہ رخ کو اپنے بیٹے کی گرفتاری کے بعد کیمرے کے سامنے دیکھا گیا ہے، بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شاہ رخ خان نے آریان خان کی گرفتاری کے بعد سے اپنی تمام شوٹنگز اور پراجیکٹس کو منسوخ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ آریان خان 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر جیل میں ہیں۔
کروز شپ ڈرگ کیس کا پس منظر
بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کروز شِپ منشیات کیس میں آریان خان کی اپنی آنے والی فلم کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ منشیات کے حوالے سے کی جانے والی واٹس ایپ چیٹ بھی عدالت میں پیش کی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ چیٹس سے ظاہر ہو رہا تھا کہ آریان خان اور اداکارہ کے درمیان منشیات کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔