• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، ڈینگی کے 970 کیسز کے سرکاری اعداد و شمار مشکوک

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے رواں سال صوبے بھر میں اب تک ڈینگی وائرس کے 970 کیسز کی تصدیق کی ہے لیکن کراچی کے صرف ایک بڑے نجی اسپتال میں رواں سال ڈینگی وائرس کے 886کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس نے سرکاری اعداد و شمار کو مشکوک بنا دیا ہے ۔ جنگ نے اسٹیڈیم روڈ پر واقع ایک بڑے نجی اسپتال سے ڈینگی وائرس کے کیسز کا ڈیٹا حاصل کیا ہے جس کے مطابق اسپتال میں جنوری میں ڈینگی وائرس کے 49 کیسز، فروری میں 43، مارچ میں 67، اپریل میں 74، مئی میں 105، جون میں 93، جولائی میں 83، اگست میں 83، ستمبر میں 151 اور اکتوبر کے ابتدائی 20 ایام تک 135 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی طور پر رواں سال اب تک اسپتال میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ 886 افراد کو لایا گیا۔ دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال اب تک پورے صوبے میں ڈینگی وائرس کے 970 کیسز سامنے آئے ہیں جو اس تناظر میں نہ صرف حیرت انگیز بلکہ مضحکہ خیز بھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شعبہ ویکٹر بورن ڈیزیز کی ناقص حکمت عملی کے باعث ڈینگی وائرس کے کیسز کا ڈیٹا مشکوک ہوتا جارہا ہے۔ ڈینگی پروگرام ختم کرنے کے بعد جہاں عوام کو سہولیات کی فراہمی بند ہوئیں وہیں اعداد و شمار حاصل کرنے کا کام بھی تعطل کا شکار ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے ایک اعلیٰ افسر نے ویکٹر بورن ڈیزیز کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کو ڈیٹا درست کرنے اور نجی اسپتالوں سے ڈیٹا لینے کے لئے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی مد د لینے کی ہدایت کی ہے۔ اس ضمن میں ویکٹر بورن ڈیزیز کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر تیرت داس ولاچہ سے استفسار کیا گیا توانہوں نے نجی اسپتال کا نام جاننے پر زور دیا، اعداد و شمار بالکل درست ہیں اور صوبے میں اب تک 970کیسز ہی رپورٹ ہوئے ہیں۔

تازہ ترین