• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضائی حدود کا استعمال، امریکا سے مذاکرات نہیں ہورہے، دفتر خارجہ


کراچی(جنگ نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کاکہناہےکہ فضائی حدود کے استعمال سے متعلق امریکا سے مذاکرات نہیں ہورہے،انسداد دہشتگردی اور خطے کی سیکورٹی سے متعلق تعلقات طویل،روایتی مذاکرات جاری رہتے ہیں، دوسری جانب امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیاہےکہ امریکا افغانستان میں فوجی آپریشن کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کریگا۔

اس حوالےسے دونوں ممالک میں جلد معاہدہ ہوگا۔تفصیلات کےمطابق امریکی نشریاتی ادارےکاکہناہےکہ جوبائیڈن انتظامیہ نے امریکی اراکین کانگریس کو پاکستان کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے سے گزشتہ روز آگاہ کر دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے فضائی حدود کے استعمال کے بدلے امریکا سے انسداد دہشتگردی کے لیے امداد کی فراہمی کے ایم او یو کی خواہش کا اظہار کیا ،امریکی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فضائی حدود کے استعمال کے بدلے بھارت سے تعلقات کے معاملے میں مدد کی بھی خواہش ظاہر کی ۔

سی این این کے ذرائع کے مطابق امریکا سے پاکستان کے مذاکرات جاری ہیں، سمجھوتے کو حتمی شکل نہیں دی گئی اور اس میں تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔

اس رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہو رہا، افغانستان میں آپریشن کے لیے فضائی حدودکے استعمال کے معاہدے کو باقاعدہ شکل دینےکی خبریں درست نہیں۔

ترجمان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا میں علاقائی سکیورٹی اور انسداد دہشتگردی پر تعاون چلا آ رہا ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان باقاعدہ مشاورت جاری رہتی ہے۔

تازہ ترین